تلنگانہ وبائی امراض کی لپیٹ میں فیور ہاسپٹل میں مریضوں کا ہجوم ، بہت سے مریض بغیر علاج واپس

حیدرآباد ۔ 2 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ وبائی امراض کی لپیٹ میں ہے ۔ فیور ہاسپٹل حیدرآباد میں مریضوں کی بھر مار ہے اور آوٹ پیشنٹس کی تعداد ہر روز بڑھ رہی ہے یکم اگست کو ہاسپٹل میں ایک دن میں ایک ہزار پانچ سو مریضوں کاعلاج کیا گیا ۔ اسٹاف کم ہے ۔ مریض بڑھ گئے ہیں ۔ طبی سہولتوں کی بھی کمی ہے اور ہاسپٹل میں طبی سہولتوں کو بہتر بنانے کی طرف حکومت نے کوئی توجہ نہیں کی ہے ۔ مریضوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ تشویش کا باعث ہے ۔ اس سال جولائی میں 29 ہزار 412 آوٹ پیشنٹس کا علاج کیا گیا ۔ غیر توثیق شدہ اطلاعات کے بموجب مریضوں کی تعداد پچاس ہزار سے زیادہ رہی ۔ بہت سے مریضوں کو علاج کیے بغیر واپس کردیا گیا اور ان سے کہا گیا کہ وہ دوسرے دواخانوں کا رخ کریں ۔
موسمی بیماریوں سے متاثرہ افراد کا کورنٹی ہاسپٹل نلہ کنٹہ میں ہجوم ، خواتین ، بچے ، بڑے بوڑھے بخار کھانسی ، دست و قئے سے متاثر ہوئے ہیں ۔۔
سپرنٹنڈنٹ فیور ہاسپٹل ڈاکٹر کے شنکر نے کہا کہ دواخانہ میں عام طور پر روزانہ 700 تا 800 آوٹ پیشنٹس کا علاج ہوتا ہے لیکن برسات میں تعداد بڑھ جاتی ہے کل 15 مریض ہاسپٹل میں شریک کیے گئے ہیں ۔ ان میں 6 کو آنتوں کی سوزش کی شکایت ہے ۔ دو کو ٹائیفائیڈ ہوگیا ہے دو کو ڈائریا کی شکایت ہے ایک کو گلے کا عارضہ ہے ۔ کتے کاٹنے کے واقعات بھی بڑھ گئے ہیں ۔ ایسے کیسیس بھی بہت آرہے ہیں کل ایسے 22 کیس رجوع ہوئے ۔ زیادہ تر اضلاع سے اس قسم کے کیس آرہے ہیں ۔ اضلاع رنگاریڈی ، محبوب نگر اور نلگنڈہ سے زیادہ تعداد میں مریض فیور ہاسپٹل پہونچ رہے ہیں ۔ اگر اضلاع میں درکار ادویات اور ویکسین دستیاب ہوں تو فیور ہاسپٹل پر دباؤ کم ہوسکتا ہے ۔ قئے متلی اور پیچش کی شکایات بڑھ گئی ہیں ۔۔