تلنگانہ واٹر سپلائی کارپوریشن کی تشکیل ، چیف منسٹر ، صدرنشین ہوں گے

حیدرآباد /15 مئی ( این ایس ایس ) تلنگانہ کی ریاستی حکومت نے کمپنیز قانون 2013 کی دفع 149(1)(A) کے تحت تلنگانہ میں پینے کے پانی کی سربراہی کیلئے کارپوریشن کی تشکیل کے احکامات جاری کئے ہیں ۔ تلنگانہ ڈرنکنگ واٹر سپلائی کارپوریشن (ٹی ڈی ڈبلیو ایس سی ) اس ریاست میں پینے کے پانی کی سربراہی کے پراجکٹوں کی تکمیل اور دیکھ بھال کا نگراں ہوگا ۔ حکومت نے ایک سرکاری حکمنامہ میں جزوی ترمیم کرتے ہوئے صدرنشین ، نائب صدرنشین اور ڈائرکٹرس کے تقررات کئے ہیں ۔ جس کے مطابق تلنگانہ کے چیف منسٹر اس کارپوریشن کے صدرنشین ہوں گے جبکہ وزیر پنچایت راج و انفارمیشن ٹکنالوجی نائب صدرنشین ہوں گے ۔ پرنسپال سکریٹری پنچایت راج کو عمارات و شوارع ، منیجنگ ڈائرکٹر ( ٹی ڈی ڈبلیو ایس سی ) ، پرنسپال سکریٹریز ، فینانس ، ریونیو (اراضیات ) ، توانائی اور دیگر اس کے ڈائرکٹرس ہوں گے ۔