تلنگانہ واٹر ریسورس ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی تشکیل

آبپاشی پراجکٹس کے لیے قرضہ جات کے حصول کے لیے حکومت کا اقدام
حیدرآباد۔24فروری(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے آبپاشی پراجکٹس کے لئے قرضہ جات کے حصول کیلئے اقدامات کے طور پر تلنگانہ واٹر ریسورس ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی تشکیل عمل میںلائی ہے۔ حکومت کی جانب سے تشکیل دیئے گئے اس نئے کارپوریشن کے متعلق بتایاجا رہا ہے کہ حکومت نے مختلف ذرائع بالخصوص مالیاتی اداروں سے قرضہ جات کے حصول کے لئے اس کارپوریشن کی تشکیل عمل میںلائی ہے اور اس کارپوریشن کے ذریعہ آبپاشی پراجکٹس کی تکمیل کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کے مطابق اس کارپوریشن کا قیام عمل میں لایا جانا ریاست کو قرض کے بوجھ تلے دبانے کی سازش کے مترادف ہے۔ حکومت نے گذشتہ یوم جاری کردہ احکام کے ذریعہ تلنگانہ واٹر ریسورس ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی تشکیل عمل میں لاتے ہوئے مسٹر وی پرکاش راؤ کو اس کا ڈائریکٹر و صدر نشین نامزد کیا ہے ۔ریاستی حکومت مختلف اضلاع میں جاری آبپاشی پراجکٹس کی اس کارپوریشن کے ذریعہ ترقی کو ممکن بنانے کے متعلق منصوبہ بندی کرچکی ہے اور بتایا جاتا ہے کہ اس نئے کارپوریشن کو 100کروڑ روپئے کی ابتدائی گرانٹ منظور کی گئی ہے جو کارپس بنڈ کے طور پر جاری کی گئی ہے۔ کارپوریشن کو آبپاشی پراجکٹس کے ترقیاتی عمل کیلئے مالیاتی اداروں سے قرض حاصل کرنے کا مجاز قرار دیا گیا ہے ۔ریاست کے آبپاشی پراجکٹس کے متعلق بتایاجاتا ہے کہ حکومت نے جو منصوبہ تیار کیا ہے اسے عملی جامہ پہنانے کیلئے ضروری ہے کہ ریاست اس خصوصی کارپوریشن کے ذریعہ قرضہ جات حاصل کئے جائیں ۔ حکومت کے با اعتماد عہدیدار بھی اس مسئلہ پر اپنی رائے دینے سے قاصر ہیں کیونکہ انہیں خود اس بات کا علم نہیں ہے کہ کارپوریشن کی جانب سے حاصل کئے جانے والے قرضہ جات کی ادائیگی کس طرح عمل میں لائی جائے گی۔ عہدیدار نے بتایا کہ ریاست میں قائم کئے گئے اس کارپوریشن کے لئے حاصل کئے جانے والے قرضہ جات کی ادائیگی کے منصوبہ کو پیش کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے کیونکہ ایسا نہ کرنے کی صورت میں ریاست قرضہ میں ڈوب جائے گی۔