تلنگانہ نوجوانوں کے خودکشی کو روکنے فوری بل کی منظوری ضروری

حیدرآباد۔/15فبروری، ( سیاست نیوز)تلنگانہ پولٹیکل جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے صدرنشین پروفیسر کودنڈا رام نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ پارلیمنٹ میں تلنگانہ بل کی فوری منظوری کے ذریعہ نوجوانوں کی خودکشی کے واقعات کو روکے۔ نئی دہلی میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کودنڈا رام نے افسوس کا اظہار کیا کہ بل کی منظوری میں تاخیر سے دلبرداشتہ ہوکر تلنگانہ میں ابھی بھی نوجوانوں کی خودکشی کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی کو چاہیئے کہ وہ مشترکہ طور پر مساعی کرتے ہوئے بل کی منظوری کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے سیما آندھرا قائدین کی جانب سے بل کی منظوری روکنے کی جارہی کوششوں پر سخت تنقید کی اور کہا کہ اس طرح کی کوششوں سے تلنگانہ میں عوام کی برہمی میں اضافہ ہوگا۔ کودنڈا رام نے بی جے پی سے مطالبہ کیا کہ وہ سیما آندھرا قائدین کے دباؤ میں آئے بغیر پارلیمنٹ میں بل کی تائید کرے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے تلنگانہ عوام سے کئی مرتبہ علحدہ ریاست کی تشکیل کی تائید کا وعدہ کیا،

اب جبکہ بل کی منظوری آخری مرحلہ میں ہے بی جے پی کو اپنے وعدہ پر قائم رہنا چاہیئے۔انہوں نے بی جے پی کے موقف میں تبدیلی سے متعلق اطلاعات کو گمراہ کن قرار دیا اور کہا کہ قائد اپوزیشن سشما سوراج نے جے اے سی قائدین سے ملاقات کے دوران تیقن دیا تھا کہ بی جے پی لوک سبھا میں بل کی مکمل تائید کرے گی۔ کودنڈا رام نے کہا کہ بل کی منظوری میں تاخیر کو دیکھتے ہوئے تلنگانہ عوام مایوسی اور برہمی کا شکار ہیں اور اس مرتبہ اگر بل منظور نہیں ہوا تو علاقہ میں صورتحال بے قابو ہوسکتی ہے۔ جے اے سی قائدین نئی دہلی میں صدر ٹی آر ایس چندر شیکھر راؤ سے مسلسل ربط میں ہیں اور مختلف قومی جماعتوں کے قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے بل کی تائیدکی درخواست کررہے ہیں۔ کے سی آر نے ٹی آر ایس کے سینئر قائدین اور جے اے سی قائدین کے ساتھ پارلیمنٹ میں اختیار کی جانے والی حکمت عملی کا جائزہ لیا۔