تلنگانہ میں 600 ملین امریکی ڈالر سرمایہ کاری کی ترغیب

حالیہ دورہ امریکہ کامیاب رہا ، وزیر آئی ٹی کے تارک راما راؤ کا بیان
حیدرآباد ۔ 28 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ کے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے تارک راما راؤ نے آج کہا کہ انہوں نے ان کے حالیہ دورہ امریکہ کے دوران نئی تشکیل دی گئی ریاست تلنگانہ کے لیے 500 ملین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کے لیے سرمایہ کاروں کو ترغیب دلا پائے ہیں ۔ انہوں نے یہاں اخباری نمائندوں کو بتایا کہ ان کا تین ہفتوں کا دورہ امریکہ کامیاب رہا ہے کیوں کہ انہوں نے وہاں آئی ٹی شعبہ کی اہم شخصیتوں سے راست ربط قائم کیا اور انہیں تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے لیے آمادہ کیا ۔ اس دورہ کے دوران ریاستی حکومت نے گوگل کے ساتھ ایک یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے جس نے امریکہ کے باہر حیدرآباد میں اس کے بڑے کیمپس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وزیر آئی ٹی نے کہا کہ آن لائن ریٹیل کی بڑی کمپنی امیزان بھی امریکہ سے باہر حیدرآباد کے قریب کتور میں اس کا بڑا فل فلمنٹ سنٹر ( ویر ہاوز ) تعمیر کررہی ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ گلوبل انوسٹمنٹ اینڈ ٹکنالوجی فرم ، ڈی ای شاکی جانب سے بلیک اسٹون اسیٹ مینجمنٹ کمپنی کے اشتراک سے حیدرآباد میں ایک فسیلٹی قائم کرنے کے لیے 200 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ انہوں نے سلیکان وئیلی میں کئی وینچر کیپٹلسٹس سے ملاقات کی اور وہ حیدرآباد میں قائم ہورہی ٹکنالوجی انکوبیشن فسیلٹی ،ٹی ۔ ہب کے لیے مشیر بننے سے اتفاق کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر روی شنکر پرساد پندرہ تا بیس دن میں ہندوستان کی سب سے بڑی ٹکنالوجی انکوبیشن فسیلٹی ، ٹی ۔ ہب کا افتتاح کریں گے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ نئی سرمایہ کاری کو راغب کرتے ہوئے اور ٹی ۔ ہب کے قیام جیسے اقدامات کرتے ہوئے حکومت پانچ سال کے اندر حیدرآباد کو ملک کا نمبر ون آئی ٹی مرکز بنانے پر اعتماد ہے ۔ 57,000 کروڑ روپئے کے آئی ٹی برآمدات کے ساتھ حیدرآباد ہندوستانی شہروں میں بنگلور کے بعد دوسرے مقام پر ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ہمارا مقصد پانچ سال میں آئی ٹی برآمدات کو دوگنا 120,000 کروڑ روپئے تک کرنا ہے اور کہا کہ ٹی آر ایس حکومت حیدرآباد میں سرمایہ کاری کرنے والوں کے اعتماد کو بحال کرنے کے قابل ہے ۔۔