تلنگانہ میں 334 کیلو میٹر چھ لائن کی ریجنل رنگ روڈ تعمیر کرنے پر زور

چیف منسٹر کے سی آر کی وزیراعظم ، مرکزی وزیر داخلہ اور مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 27 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے دہلی میں مرکزی وزیر روڈ ٹرانسپورٹ نتن گڈکری سے ملاقات کرتے ہوئے 334 کیلو میٹر تک 6 لائن پر مشتمل ریجنل رنگ روڈ تعمیر کرنے کی یادداشت پیش کی ۔ اپنے تین روزہ دورے دہلی پر روانہ ہونے والے چیف منسٹر مصروف ترین دن گذار رہے ہیں ۔ پہلے دن وزیراعظم نریندر مودی دوسرے دن مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی سے ملاقات کرنے والے چیف منسٹر آج نتن گڈکری سے ملاقات کی ۔ تلنگانہ میں قومی شاہراہوں کی ترقی ، ریجنل رنگ روڈ کی تعمیرات پر تبادلہ خیال کیا ۔ 334 کیلو میٹر ایکسپریس ہائی وے ( ریجنل رنگ روڈ ) 6 لائن پر مشتمل تعمیر کرنے کی درخواست کی ۔ چیف منسٹر نے مرکزی وزیر کو بتایا کہ اس ہائی وے سے متعلق چوٹ اپل ، شاد نگر ، کندی سیکشن تک 180 کیلو میٹر سڑک تعمیر کرنے کی منظوری مل چکی ہے ۔ جس کا تعمیری تخمینہ 5 ہزار کروڑ روپئے لگایا گیا ہے ۔ ماباقی سنگاریڈی ، توپران ، چوٹ اپل تک 154 کیلو میٹر سڑک تعمیر کرنے کی منظوری دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔ جس پر 6 ہزار کروڑ روپئے کے مصارف ہونے کا اندازہ لگایا گیا ہے اس پراجکٹ کو فوری منظوری دینے کی نتن گڈکری سے اپیل کی ساتھ ہی منظورہ سڑکوں کے انلائمنٹ اور نوٹیفیکشن فوری جاری کرنے کا بھی مطالبہ کیا ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے قومی شاہراہوں کی تعمیراتی ذمہ داری این ایچ اے آئی کو دینے کے ساتھ ہی تمام نیشنل ہائی ویز کو گرین ہائی ویز میں تبدیل کرنے کی نمائندگی کی ۔ اس موقع پر ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ ونود کمار ، بی نرسیا گوڑ بھی موجود تھے ۔۔