46ہزار سے زائد روزگار کے مواقع ‘ بیمارصنعتوں کے احیاء کا منصوبہ
حیدرآباد۔9فبروری( آئی این این )وزیر بھاری صنعتیں مسٹر جے کرشنا راؤ نے آج یہ دعویٰ کیا ہے کہ گذشتہ سال 2جون کو تلنگانہ ریاست کے قیام سے اب تک 2,619 کروڑ روپئے سے زائد سرمایہ کاری تجاویز موصول ہوئی ہیں ۔ تلنگانہ انڈسٹریل انفراسٹرکچر کارپوریشن کے دفتر پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ساری ریاست میں 5,298 یونٹس کے قیام کیلئے درخواستیں وصول ہوئی ہیں جن سے تقریباً 46,235 روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ کی نئی صنعتی پالیسی کے تحت پہلا آئی پاس پرمیشن وی ایس ٹی کو دیا گیا جو توپران میں 80کروڑ روپئے کی لاگت سے تمباکو پراسیسنگ یونٹ قائم کرے گی ۔ یہاں تقریباً 600روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ نئی پالیسی کے تحت تمام میگا پراجکٹس کی اندرون 15یوم منظوری عمل میں آئے گی ۔ مسٹر جوپلی کرشنا راؤ نے کہاکہ ریاستی حکومت بیمار صنعتوں کے احیاء کیلئے پیاکیجس تیار کررہی ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں اسپیشل چیف سکریٹری پردیپ چندرا نے بتایا کہ انڈسٹریل ڈپارٹمنٹ نے ستیم انفوٹیک کیلئے کوئی اراضی مختص نہیں کی ہے ۔