حیدرآباد۔/23ستمبر، ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں گزشتہ دنوں کے دوران ہوئی بارش کے پیش نظر حکومت نے ریاست تلنگانہ کے تمام مقامات پر بڑے پیمانے پر ’’ ہریتا ہارم ‘‘ ( شجر کاری) پروگرام کا 26ستمبر تا15 نومبر انعقاد عمل میں لانے کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلہ میں پروگرام کے ذمہ دار عہدیدار بھی آپسی صلاح ومشورہ کے ذریعہ وسیع تر انتظامات میں مصروف ہیں۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ 26ستمبر کو ایک دن میں ہی کم از کم ایک لاکھ پودوں کی شجر کاری کے اقدامات کئے جارہے ہیں جبکہ اس پروگرام کے سلسلہ میں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن حدود میں ایک دن کے دوران کم از کم 30,000 پودے لگائے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ اعلیٰ عہدیداران ہریتا ہارم پروگرام میں اس بات کیلئے کوشاں ہیں کہ ہر صنعتی ادارہ میں 33فیصد گرین بیلٹ بنانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ لیکن کوئی بھی صنعتی ادارہ میں حکومت کے ان قوانین پر کوئی عمل آوری نہیں ہورہی ہے۔ تاہم ہریتا ہارم کے اس دوسرے مرحلہ کے دوران اس پروگرام کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے پر متعلقہ عہدیدار اپنی وجہ مرکوز کررہے ہیں اور بالخصوص مسٹر وی انیل کمار تمام متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس طلب کرکے ہریتا ہارم پروگرام کو کامیاب بنانے کی ضرورت پر زور دے رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت کے اس پروگرام کے سلسلہ میں بڑے پیمانے پر شجر کاری کرنے اور دوسروں کو ترغیب دینے اور ہمت افزائی کرنے مختلف ترغیبات و ایوارڈز دینے کا بھی اعلان کیا گیا تھا۔ علاوہ ازیں بتایا گیا کہ اس مرتبہ خصوصی طور پر اس پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے باقاعدہ طور پر شجر کاری کیلئے نشانہ مقرر کیا گیا۔