قانون ساز کونسل میں فاروق حسین کو وزیر صحت کا جواب
حیدرآباد۔ 28 مارچ (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں 24,872 رجسٹرڈ میڈیکل شاپس خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ریاستی وزیر صحت نے آج جناب فاروق حسین رکن قانون ساز کونسل کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے یہ بات بتائی۔ جناب فاروق حسین نے استفسار کیا تھا کہ ریاست میں کتنے میڈیکل شاپس خدمات انجام دے رہے ہیں اور ڈرگ کنٹرول ایکٹ کو کس حد تک نافذ کیا جارہا ہے۔ علاوہ ازیں اب تک ایسی کتنی شکایات وصول ہوئیں اور کتنے تاجرین ادویات کے خلاف کارروائی کی گئی۔ وزارت صحت کی جانب سے دیئے گئے جواب میں بتایا گیا کہ سال 2015ء کے دوران میڈیکل شاپس کے خلاف 30 شکایات موصول ہوئیں جن میں 14 شکایات پر ادویات ضبط کرلی گئیں اور خاطیوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا گیا۔ 12 شکایتوں میں ایکٹ کی خلاف ورزی دیکھی گئی اور اُن تاجرین کے لائسنس منسوخ کردیئے گئے جبکہ دو شکایات جھوٹی پائی گئیں۔ وزارت صحت نے مزید بتایا کہ جن میڈیکل شاپس کو ڈرگ کنٹرول ایکٹ کے تحت لائسنس جاری کیا جاتا ہے، انہیں جنرل اسٹور میں فروخت کئے جانے والی اشیاء فروخت کرنے کی اجازت حاصل ہوتی ہے۔