حیدرآباد12دسمبر(یواین آئی)تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے نتائج میں ٹی آرایس بڑی پارٹی بن کر ابھری ہے ۔ان انتخابات میں بعض جماعتوں کو ملے ووٹوں سے زائد نوٹا کا بٹن رائے دہندوں نے دبایا۔ ریاست کے رائے دہندوں کے 1.1فیصد یعنی 2,24,709 نے نوٹا کااستعمال کیا ۔سی پی آئی ، سی پی ایم ، تلنگانہ جناسمیتی پارٹیوں کو ملے ووٹوں سے زائد نوٹا کااستعمال ہوا ہے ۔تلنگانہ جناسمیتی کو 0.5فیصد ووٹ ملے ہیں یعنی اس پارٹی کو 95,364ووٹ حاصل ہوئے ہیں۔سی پی ایم کو 0.4فیصد91,009 ،سی پی آئی ایم کو 0.4فیصد یعنی 83,215 افراد اور این سی پی کو 0.1فیصد یعنی 29,483 ووٹ ڈالے گئے ۔حلقہ واری طورپر اگر دیکھا جائے تو یہ پتہ چلتا ہے کہ سب سے زائد وردھناپیٹ حلقہ میں نوٹا کا استعمال رائے دہندوں نے کیا ہے ۔اس حلقہ میں نوٹا کے حق میں 5,864 افراد نے رائے دی ہے ۔رائے دہندوں نے سب سے کم نوٹا کا استعمال حلقہ چارمینار میں کیا جہاں نوٹا کو 614ووٹ ملے ۔تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کے حلقہ گجویل میں نوٹا کو 1,624ووٹ ملے ۔وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راو کے حلقہ سرسلہ میں 2321افراد نے نوٹا کا استعمال کیا۔وزیر آبپاشی ہریش راو کے حلقہ سدی پیٹ میں 2932افراد نے نوٹا کا استعمال کیا۔اسی طرح وزیر فائنانس ای راجندر کے حلقہ حضور آباد میں 2867افراد نے نوٹا کا استعمال کیا۔تلنگانہ کانگریس کے سربراہ اتم کمارریڈی کے حلقہ حضور نگر میں 1621افراد نے نوٹا کا استعمال کیا۔کانگریس کے سینئر لیڈر جاناریڈی کے حلقہ ناگرجناساگر میں 1325افراد، تلنگانہ کانگریس کے کارگزار صدر ریونت ریڈی کے حلقہ کوڑنگل میں 1472، کانگریس کی سینئر لیڈر ڈی کے ارونا کے حلقہ گدوال میں 1319،کانگریس کے ایک اور سینئر لیڈر ملو بھٹی وکرامارکا کے حلقہ مدھیرا میں 1011افراد نے نوٹا کااستعمال کیا۔