تلگودیشم کی قومی ‘ تلنگانہ و آندھرا کمیٹیوں کے ذمہ داران کی حلف برداری ‘ چندرا بابو کا خطاب
حیدرآباد۔ 4 اکتوبر (سیاست نیوز) تلگو دیشم ایک علاقائی پارٹی ہوتے ہوئے قومی سیاست میں اپنا اہم رول ادا کی۔ بانی تلگو دیشم و سابق چیف منسٹر این ٹی راما راؤ نے اقتدار کیلئے سیاسی زندگی میں قدم نہیں رکھا بلکہ تلگو عوام کے وقار کو اونچا کرنے کی غرض سے اپنی فلمی زندگی کو خیرباد کرکے سیاست میں داخل ہوئے تھے۔ آج یہاں تلگو دیشم قومی کمیٹی ‘آندھرا پردیش اور تلنگانہ کی نو تشکیل شدہ کمیٹیوں کے عہدیداروں کی تقریب حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر تلگو دیشم چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو نے یہ بات کہی اور کمیٹیوں کے عہدیداروں و ارکان کو حلف دلایا۔ انہوں نے تلگو دیشم قائدین کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں ہمیشہ ہر ایک کے ساتھ انصاف کیا گیا اور نئی تشکیل دی گئی کمیٹیوں میں سینئر اور جونیر قائدین کو شامل رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکن میرے لئے میرے افراد خاندان سے زیادہ اہمیت کے حامل ہیں۔ مسٹر نائیڈو نے کہا کہ محض پارٹی کارکنوں کی قربانیوں کی وجہ سے ہم کو آندھرا پردیش میں اقتدار حاصل ہوا ۔ انہوں نے پارٹی قائدین سے آندھرا پردیش میں عوامی مسائل کی یکسوئی کیلئے آگے آنے اور تلنگانہ میں تلگو دیشم قائدین و کارکن تلنگانہ عوام کے ساتھ ٹھہر جانے و جدوجہد کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ ہر تین ماہ میں ایک مرتبہ قائدین کی کارکردگی سے متعلق پروگریس رپورٹ دی جائے گی تاکہ سال 2019ء کے انتخابات کو اپنا اہم مقصد بناتے ہوئے کام کرکے آندھرا پردیش اور تلنگانہ دونوں ریاستوں میں تلگو دیشم کو برسراقتدار لانے کی ممکنہ کوشش کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں ریاست کے ساتھ ارکان پارلیمان کی کثیر تعداد کو بھاری اکثریت کے ساتھ منتخب کرکے لوک سبھا کو بھیجنے کی ضرورت ہے تاکہ مرکز سے طاقت کا مظاہرہ کرکے ترقیاتی اقدامات کئے جاسکیں۔ تقریب حلف برداری کے موقع پر پہلے خود چندرا بابو نائیڈو نے بحیثیت قومی صدر تلگو دیشم کا حلف لیا اور پھر تلنگانہ تلگو دیشم مسٹر ایل رمنا نے حلف لیا۔ اس طرح آندھرا پردیش تلگو دیشم صدر کی حیثیت سے مسٹر کلا وینکٹ راؤ نے حلف لیا اور پھر تلگو دیشم کمیٹیوں کے دیگر عہدیداروں امر ناتھ بابو، لوکیش نائیڈو وغیرہ نے حلف لیا۔ بعدازاں تلگو دیشم قائدین و کارکنوں نے مسٹر چندرا بابو نائیڈو اور لوکیش نائیڈو سے ملاقات کرکے انہیں مبارکباد پیش کی تاہم اس حلف برداری تقریب میں تلنگانہ تلگو دیشم کے اہم قائدین مسرز ای دیاکر راؤ اور ای پیدی ریڈی وغیرہ موجود نہیں تھے۔