برسر اقتدار ٹی آر ایس سے ریاستی عوام مایوس ، بی جے پی لیڈر لکشمن کا دعویٰ
حیدرآباد 26 ڈسمبر (سیاست نیوز) بی جے پی تلنگانہ میں 2019 ء کے انتخابات تنہا لڑے گی اور پارٹی کو چناؤ جیتنے کا اعتماد ہے، اسٹیٹ بی جے پی کے سربراہ کے لکشمن نے آج یہ بات کہی۔ اُنھوں نے یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت میں کہاکہ ہم کوئی اتحاد نہیں کریں گے۔ بی جے پی اپنے بل بوتے پر انتخابات لڑتے ہوئے تلنگانہ میں آئندہ میعاد کے لئے اقتدار سنبھالے گی۔ تلنگانہ میں قانون ساز اسمبلی کے انتخابات لوک سبھا چناؤ کے ساتھ 2019 ء میں ہونے ہیں۔ لکشمن کا دعویٰ ہے کہ ریاست کے عوام برسر اقتدار ٹی آر ایس سے مایوس ہیں کیوں کہ وہ اپنے انتخابی وعدوں پر عمل آوری میں ناکام ہوئی ہے۔ عوام کو چیف منسٹر کے سی آر سے کافی توقعات تھیں مگر اُنھوں نے مایوس کیا۔
سڑک حادثہ میں اسپورٹس بائیک سوار نوجوان ہلاک،ساتھی زخمی
حیدرآباد۔ 26 ڈسمبر (سیاست نیوز) پنجہ گٹہ فلائی اوور پر کل رات دیر گئے ایک المناک سڑک حادثہ میں تیز رفتار اسپورٹس بائیک چلانے کے نتیجہ میں ایک نوجوان ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔ 20 سالہ انیش بھارگو اپنے دوست ومشی کے ہمراہ کل رات دیر گئے پنجہ گٹہ فلائی اوور پر اپنی اسپورٹس بائیک پر تیز رفتاری سے جارہا تھا کہ اچانک حادثہ ہوگئے اور بائیک فلائی اوور کی دیوار سے جا ٹکرائی جس کے نتیجہ میں انیش برسرموقع ہلاک ہوگیا جبکہ ومشی زخمی ہوگیا۔ پولیس نے زخمی کو دواخانہ منتقل کیا جبکہ مہلوک کی نعش کو گاندھی ہاسپٹل کے مردہ خانہ منتقل کیا۔ پولیس کو شبہ ہے کہ مذکورہ نوجوان حالت نشہ میں تیز رفتاری سے بائیک چلا رہا تھا اور توازن کھو دیا۔ پولیس نے اس ضمن میں مقدمہ درج کرلیا۔