آندھرا پردیش و تلنگانہ میں مراکز کا قیام ، تلنگانہ اسٹیٹ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ 31 ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں 2 مئی 2016ء کو ایمسیٹ امتحان منعقد ہوگا۔ ریاست آندھراپردیش و تلنگانہ کے مختلف خانگی و سرکاری کالجس کے امتحانی مراکز قائم کئے جائیں گے۔ تلنگانہ اسٹیٹ کونسل فار ہائر ایجوکیشن کی جانب سے یہ واضح کردیا گیا ہیکہ 2 مئی 2016ء کو تلنگانہ ایمسیٹ منعقد ہوگا اور ایمسیٹ 2016ء جواہر لال نہرو ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی کی جانب سے منعقد کیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہیکہ مارچ کے پہلے ہفتہ میں آن لائن درخواست فارم جاری کردیئے جائیں گے جہاں طلبہ تفصیلات کے اندراج کے ساتھ امتحان میں شرکت کی درخواست داخل کرسکتے ہیں۔ ایمسیٹ امتحانات میں حصہ لینے کیلئے امیدواروں کی اہلیت کی وضاحت کرتے ہوئے تلنگانہ اسٹیٹ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن نے بتایا کہ انٹر کامیاب امیدوار کو 45 فیصد نشانات حاصل کرنا ضروری ہوگا اور محفوظ زمرہ کے امیدوار 40 فیصد نشانات حاصل کرتے ہوئے بھی ایمسیٹ میں حصہ لینے کے اہل قرار پائیں گے۔ امیدوار کی عمر 31 ڈسمبر 2015ء کو 16 سال مکمل ہونا لازمی ہوگا۔ امتحانی طریقہ کار کے متعلق بتایا جاتا ہیکہ 160 سوالات پر مشتمل پرچہ ہوگا جس میں ہر سوال کیلئے ایک نشان ہوگا۔ غلط جواب کی صورت میں کوئی منفی نشانات نہیں دیئے جائیں گے۔ 3 گھنٹے امتحان کیلئے وقت فراہم کیا جائے گا اور امتحان کا انعقاد انگریزی اور تلگو زبان میں ہوگا جبکہ حیدرآباد کے مرکز پر اردو زبان میں بھی ایمسیٹ 2016ء تحریر کرنے کی سہولت حاصل رہے گی۔ انجینئرنگ، اگریکلچر اور میڈیسن میں داخلہ کیلئے ایمسیٹ میں کامیابی لازمی ہے اور کئی طلبہ ایمسیٹ امتحان کی تاریخ کا بے چینی کے ساتھ انتظار کررہے تھے۔ تلنگانہ اسٹیٹ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن کی جانب سے امتحانی تاریخ کے اعلان کے ساتھ ہی انٹر و ایمسیٹ کی تربیت فراہم کرنے والے اداروں کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوچکا ہے۔