تلنگانہ میں 2 جون سے نئے ٹن نمبر کا اطلاق ہوگا

تاجرین کے ساتھ اجلاس کا انعقاد : کمشنر کمرشیل ٹیکسس ہیرالال سماریہ کا خطاب

حیدرآباد ۔ 25 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : مسٹر ہیرالال سماریہ ، کمشنر کمرشیل ٹیکسیس حکومت آندھرا پردیش نے ٹریڈرس کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ 2 جون 2014 سے تلنگانہ ریاست کے لیے نئے ٹن نمبر کا اطلاق ہوگا ۔ ٹریڈرس کو ٹیکس ریٹرنس داخل کرتے وقت دونوں ریاستوں کے لیے علحدہ ٹن نمبرات کا استعمال کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ریاستوں میں بزنس سرگرمیوں کے مطابق ٹیکسس کا اطلاق ہوگا ۔ ٹیکس ریونیو میں دونوں ریاستوں کا حصہ ہوسکتا ہے اور 53% ٹیکس ریونیو تلنگانہ کو جائیگا اور 47 فیصد ریاست آندھرا پردیش سے ہوگا ۔ مسٹر شیوکمار رنگٹا ، سینئیر وائس پریسیڈنٹ فیاپسی نے ریاست کی تقسیم سے متعلق مسائل کو اٹھایا اور کہا کہ اندیشوں سے ان کی زندگی پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں ۔ رویندرا مودی ، چیرمین کمرشیل ٹیکسس کمیٹی نے حکومت سے خواہش کی کہ نئی ریاستوں ، بزنس اور صارفین کے وسیع تر مفاد میں سیلس ٹیکس ، اسٹیٹ اکسائز اور ٹرانسپورٹ سے متعلق ٹریڈ اور صنعت کے مسائل پر توجہ دی جائے ۔ اس انٹریکٹیو اجلاس کا انعقاد فیڈریشن آف آندھرا پردیش چیمبرس آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( فیاپسی ) کی جانب سے محکمہ کمرشیل ٹیکس حکومت آندھرا پردیش کے اشتراک سے کیا گیا ۔ اس موقع پر کرسٹینا زیڈ چھانگتھو ، اسپیشل کمشنر کمرشیل ٹیکس ، مسٹر جی لکشمی پرساد ، مسٹر ڈی رامچندر ریڈی اور مسٹر جی وینکٹیشورلو ایڈیشنل کمشنرس بھی موجود تھے ۔