تلنگانہ میں 19 مئی کو لاء سیٹ کا انعقاد

10 اپریل ادخال درخواست کی آخری تاریخ، لاء سیٹ کمیٹی اجلاس میں فیصلہ

حیدرآباد ۔ یکم مارچ ۔ (این ایس ایس) چیرمین ہائیر ایجوکیشن کونسل پاپی ریڈی کے بموجب تلنگانہ ریاست میں لاء سیٹ اعلامیہ 5 مارچ کو جاری کیا جائے گا۔ اہل امیدوار ادخال فارم 8 مارچ تا 10 اپریل 2015 ء تک کرسکتے ہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ لاء سیٹ کمیٹی کا آج اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں اعلامیہ اور دیگر اُمور پر غور و خوض کیا گیا۔ بعدازاں چیرمین ہائیر ایجوکیشن کونسل نے شیڈول کا اعلان کیا۔ اُنھوں نے مزید بتایا کہ 250 روپئے دیرینہ فیس کے ساتھ ادخال فارم کی آخری تاریخ 21 اپریل مقرر کی گئی ہے جبکہ 30 اپریل تک 500 روپئے اور 7 مئی تک 1000 روپئے دیرینہ فیس کے ساتھ فارم داخل کیا جاسکتا ہے۔ جبکہ 5 مئی سے لاء سیٹ کے ہال ٹکٹس ڈاؤن لوڈ کئے جاسکتے ہیں۔ 19 مئی کو لاء سیٹ منعقد ہوگا۔ 22 مئی کو امتحان کی ابتدائی ’کی‘ جاری کی جائے گی اور 26 مئی تک اعتراضات وصول کئے جائیں گے۔ لاء سیٹ کے نتائج کا اعلان 5 جون کو کیا جائے گا۔