اسمبلی اجلاس میں بحث کے لیے حکمت عملی ، صدر گریٹر حیدرآباد اقلیتی کانگریس کا بیان
حیدرآباد ۔ 29 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : صدر گریٹر حیدرآباد سٹی کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ مسٹر شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ کانگریس پارٹی کی جانب سے اسمبلی کے بجٹ سیشن میں 12 فیصد مسلم تحفظات پر نہ صرف حکومت کو جھنجوڑا جائے گا بلکہ اسمبلی کے باہر احتجاجی رخ اختیار کرتے ہوئے حکومت پر دباؤ بڑھایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی اسمبلی بجٹ سیشن کی حکمت عملی تیار کرنے میں مصروف ہے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی ، قائد اپوزیشن اسمبلی مسٹر کے جانا ریڈی قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل مسٹر محمد علی شبیر کانگریس کے ارکان اسمبلی ارکان قانون ساز کونسل سے رابطے میں ہے اور آپسی تال میل کے ساتھ کانگریس کی حکمت عملی تیار کررہے ہیں ۔ دوسرے مسائل کے ساتھ ساتھ کانگریس پارٹی مسلم تحفطات کو موضوع بحث بنائے گی ۔ وعدے کے مطابق مسلمانوں کو تعلیم اور ملازمتوں میں 12 فیصد تحفظات فراہم نہ کرنے سے مسلمانوں کو بہت بڑا نقصان ہوا ہے ۔ چیف منسٹر تلنگانہ مسلم تحفظات کے لیے سنجیدہ نہیں ہے ۔سدھیر کمیشن کا قیام آنسو پوچھنے کے مترادف ہے جس کو کوئی قانونی اختیارات نہیں ہے اور نہ ہی یہ کمیٹی مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کی سفارش کرسکتی ہے ۔ صرف وقت ضائع کرنے کے لیے یہ کمیٹی قائم کی گئی ہے ۔ جس کی میعاد میں بار بار توسیع دیتے ہوئے مسلمانوں کو گمراہ کیا جارہا ہے ۔ بی سی کمیشن کو جلد از جلد تشکیل دینے کا حکومت سے مطالبہ کیا ۔ مسٹر شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد سٹی کانگریس اقلیت پارٹمنٹ کی جانب سے مسلم تحفظات کے وعدے سے انحراف کرنے کے خلاف عوام میں نہ صرف شعور بیدار کیا جائے گا بلکہ ریالیاں ، دھرنے ، جلسے وغیرہ کا اہتمام کرتے ہوئے مسلم تحفظات کی فراہمی کے لیے حکومت پر دباؤ ڈالا جائے گا ۔ 12 فیصد مسلم تحفظات کے مسئلہ پر مجوزہ کانگریس کے قومی اقلیتی کنونشن میں بھی جائزہ لیتے ہوئے مستقبل کی حکمت عملی تیار کی جائے گی ۔ بھوک ہڑتال کیمپس منعقد کرنے کی بھی تجویز تیار کی گئی ہے ۔ عام انتخابات کے موقع پر شاد نگر ضلع محبوب نگر کے عوامی جلسے عام سے جہاں کے سی آر نے اندرون 4 ماہ 12 فیصد مسلم تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا اسی مقام پر کانگریس پارٹی جلسہ عام کا اہتمام کرنے کا بھی منصوبہ رکھتی ہے ۔ ساتھ ہی گریٹر حیدرآباد سٹی کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ چلو سکریٹریٹ اور چلو اسمبلی ریالیاں منظم کرنے پر بھی سنجیدگی سے غور کررہی ہے ۔ اگر حکومت کی جانب سے مزید ٹال مٹول سے کام لیا گیا تو کانگریس پارٹی ملینیم مارچ منظم کرنے سے بھی گریز نہیں کرے گی ۔۔