تلنگانہ میں 12ایم ایل سی نشستوں کے انتخاب کیلئے اعلامیہ

10 کے منجملہ 9اضلاع میں27ڈسمبر کو رائے دہی ہوگی، 30ڈسمبر کو نتائج
حیدرآباد۔/2ڈسمبر، ( آئی این این ) الیکشن کمیشن آف انڈیا نے آج ریاست تلنگانہ کے قانون ساز کونسل میں مخلوعہ 12نشستوں کو پُر کرنے کیلئے انتخابی اعلامیہ جاری کیا ہے۔ مقامی حکام حلقہ جات سے یہ نشستیں پُر کی جائیں گی۔ یہ انتخابات حیدرآباد کے ماسواء دس اضلاع کے منجملہ 9 اضلاع میں ہوں گے۔ ان میں سے رنگاریڈی، محبوب نگر اور کریم نگر ایل اے سی کی دو، دو نشستیں شامل ہیں۔ عادل آباد، نظام آباد، میدک، نلگنڈہ، ورنگل اور کھمم ایل اے سی سے ایک ، ایک نشست پر الیکشن ہوگا۔ پرچہ جات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 9ڈسمبر ہوگی جبکہ 10ڈسمبر کو پرچہ جات نامزدگی کی تنقیح کی جائے گی اور 12ڈسمبر کو امیدوار انتخابات سے دستبرداری اختیار کرسکتے ہیں۔ 27ڈسمبر کو صبح 8بجے سے شام 4بجے تک رائے دہی عمل میں آئے گی اور 30ڈسمبر کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔