ریاستی حکومت سے اراضی فراہم کرنے مرکزی وزیر بنڈارو دتاتریہ کی خواہش
حیدرآباد ۔ 4 فبروری (سیاست نیوز) مرکزی وزیر بنڈارو دتاتریہ نے آج کہا کہ مرکزی حکومت ریاست تلنگانہ میں، اگر ریاستی حکومت اراضی فراہم کرے تو 100 بستروں کے تین دواخانے قائم کرنے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ راماگنڈم، ورنگل اور گوشہ محل (حیدرآباد) میں 100 بستروں کے تین دواخانے قائم کرنے کی تجویز ہے۔ سکندرآباد سے بی جے پی کے ایم پی نے کہا کہ ’’ہم نے ریاستی حکومت سے ہاسپٹلس کی تعمیر کیلئے جتنا جلد ممکن ہو اراضی الاٹ کرنے کی خواہش کی ہے‘‘۔ مسٹر دتاتریہ نے، جنہوں نے قبل ازیں تلنگانہ کے وزیر لیبر این نرسمہاریڈی کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا، کہا کہ تانڈور، دولت آباد، کھمم، سوریہ پیٹ، مہیشورم، سدی پیٹ اور کلواکرتی میں ای ایس آئی سی ڈسپنسریز کو چھ بستر والے ہاسپٹلس میں اپ گریڈ کیا جائے گا اور ان میں ہر ایک کو تعمیراتی کام اور دیگر انفراسٹرکچر سہولتوں کیلئے 10 کروڑ روپئے فراہم کئے جائیں گے۔