تلنگانہ میں 10 اقلیتی اقامتی کالجس کی منظوری

80 لیکچرارس کے تقررات عمل میں لانے کا فیصلہ ، جاریہ ماہ کے اواخر میں اعلامیہ کی اجرائی
حیدرآباد ۔ 26 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : حکومت نے 10 اقلیتی اقامتی جونیر کالجس کو منظوری دے دی ہے ۔ 80 لکچرارس کے تقررات کیے جارہے ہیں جاریہ ماہ کے اواخر تک داخلوں کے لیے اعلامیہ جاری ہونے کا امکان ہے ۔ اقلیتی اقامتی اسکولس میں داخلوں کے حوصلہ افزاء ردعمل کو دیکھتے ہوئے میناریٹی ریزیڈنشیل اسکولس کی سوسائٹی نے نئے تعلیمی سال کے آغاز سے 10 میناریٹی ریزیڈنشیل جونیر کالجس قائم کرنے کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے ۔ ریاست میں 204 اقلیتی اقامتی اسکولس اور 2 جونیر کالجس چلائے جارہے ہیں نئے اقلیتی اقامتی اسکولس میں پانچویں تا 9 ویں جماعت تک قدیم 12 اقلیتی اقامتی اسکولس میں 10 ویں جماعت تک تعلیم دی جارہی ہے ۔ 2 قدیم جونیر کالجس کے ساتھ مزید 10 نئے اقلیتی اقامتی جونیر کالجس شروع کرنے کی حکومت کو تجاویز روانہ کی گئی ہے ۔ جس کو حکومت نے منظوری دے دی ہے جس کے بعد جونیر کالجس کو قیام کرنے کی تیاریاں زوروں پر ہیں ۔ میناریٹی ریزیڈنشیل اسکولس کی سوسائٹی نے 10 قدیم اقلیتی اقامتی اسکولس کی عمارتوں میں ہی جونیر کالجس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ سوسائٹی نے 10 نئے جونیر اقامتی کالجس میں لکچرارس کے تقررات کرنے کے بھی عمل کا آغاز کردیا ہے ۔ تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے جونیر کالجس کا تقرر کرنے تک آوٹ سورسنگ کے ذریعہ 80 جونیر کالجس کے لکچرار کا تقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اسی سلسلے کے کڑی کے طور پر سوسائٹی کے سکریٹری نے دو دن قبل آوٹ سورسنگ ایجنسی کے ذمہ داروں کے ساتھ ایک اجلاس طلب کیا ہے ۔ جونیر لکچرارس کے 80 جائیدادوں پر تقررات کرنے کے لیے ایجنسی کے ذریعہ 30 اپریل تک اہل امیدواروں سے درخواستیں طلب کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔ مضمون واری اساس پر 5 تا 10 مئی تک انٹرویو کرتے ہوئے 12 مئی کو کامیاب امیدواروں کی فہرست جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ منتخب ہونے والے جونیر لکچرارس کو 13 مئی کو تقرر نامہ حوالے کرتے ہوئے 15 تا 25 مئی تک خصوصی تربیت فراہم کی جائے گی ۔ یکم جون سے کلاسیس شروع کرنے کی منصوبہ بندی تیار کی گئی ہے ۔ جاریہ ماہ کے اواخر تک 10 نئے جونیر کالجس میں داخلوں کے لیے اعلامیہ جاری کرنے کا امکان ہے ۔ ان کالجس کے داخلوں میں اقلیتی اقامتی اسکولس میں زیر تعلیم طلبہ کو ترجیحی بنیاد پر اہمیت دی جائے گی ۔ اقلیتی اقامتی اسکولس کے طرز پر جونیر کالجس میں اقلیتی طلبہ کے لیے 75 فیصد نشستیں مختص رہیں گے ۔ جب کہ ماباقی 25 فیصد نشستوں پر ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اور او سی طلبہ کو داخلے دئیے جائیں گے ۔۔