تلنگانہ میں ’ایمس‘ کے طرز پر ہاسپٹل کے قیام کو مرکز کی منظوری

حیدرآباد۔28جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) ریاست تلنگانہ میں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکلس سائنسیس( ایمس) کے طرز پر ایک عصری ہاسپٹل کے قیام سے مرکزی حکومت نے اتفاق کرلیا ہے ۔ مرکزی وزیر صحت ہرش وردھن نے تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے نام اپنے ایک مکتوب میں کہا ہے کہ تلنگانہ میں ایمس کے قیام کیلئے ایک ہی مقام پر 200ایکڑ اراضی فراہم کی جائے جس پر مرکزی حکومت اپنے مصارف سے عصری ہاسپٹل تعمیر کرے گی ۔جس کے جواب میں چیف منسٹر نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ ریاست کے مناسب مقام پر اراضی کا انتخاب کرے اور مرکزی حکومت کے ذمہ داروں کو اپنی تجاویز روانہ کریںتاکہ اس مقام پر ایمس کی تعمیر کی جاسکے ۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے قبل ازیں مرکز سے مطالبہ کیا تھا کہ اُن کی ریاست میں بھی ایمس کے خطوط پر عصری ہاسپٹل کے قیام کی ضرورت ہے ۔ اس مقصد کیلئے وہ مرکز کو اراضی اور دیگر درکار سہولتیں فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں ۔ باور کیا جاتا ہے کہ اندرون چند یوم اراضی کی نشاندہی کرلی جائے گی ۔