سپریم کورٹ سے رجوع ہونے حکومت کا فیصلہ ‘ چیف سیکریٹری کی ٹرانسپورٹ سیکریٹری سے بات چیت
حیدرآباد ۔ یکم نومبر ( سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ موٹر گاڑیوںکو ہائی سیکوریٹی نمبر پلیٹس لگانے کی مدت میں توسیع کی اپیل کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع ہونے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے ۔ کیونکہ تمام گاڑیوں کو ہائی سیکوریٹی نمبر پلیٹس لگانے کے لئے دی گئی مدت 10 ڈسمبر کو ختم ہوگی ۔ سرکاری ذرائع نے کہا کہ 10؍ڈسمبر تک صرف 40 روز ہی مہلت رہے گی ۔ بعدازاں 40 یوم میں ریاست تلنگانہ کی تمام گاڑیوں کو ہائی سیکوریٹی نمبر پلیٹس کا لگانا ممکن نہیں ہوگا ۔ لہذا حکومت تلنگانہ اس مہلت میں توسیع کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع ہو کر اپیل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے ۔ تاہم اس مسئلہ پر حکومت نے ابھی کوئی قطعی فیصلہ نہیں کیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ حکومت سپریم کورٹ سے رجوع ہو کر ہائی سیکوریٹی نمبر پلیٹس کی تنصیب کے لئے کم از کم ایک سال مدت کی مہلت دینے کی اپیل کرے گی ۔ اسی دوران مزید بتایا جاتا ہیکہ اس مسئلہ پر پرنسپال سکریٹری ٹرانسپورٹ مسٹر سنیل شرما ‘ کمشنر ریاستی محکمہ ٹرانسپورٹ مسٹر سندیپ کمار سلطانیہ ‘ جوائنٹ ٹرانسپورٹ کمشنر مسٹر وینکٹیشورلو کے علاوہ محکمہ ٹرانسپورٹ کے دیگر سینئرعہدیداروں کے ساتھ ریاستی چیف سکریٹری مسٹر راجیو شرما نے تفصیلی جائزہ لیا ۔ اور ہائی سیکوریٹی نمبر پلیٹس کے مسئلہ پر یعنی مہلت میں توسیع کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع ہونے سے رضامندی کا اظہار کرنے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایات دی ہیں ۔ اور یہ بھی بتایا کہ اس مسئلہ پر محکمہ قانون و انصاف سے بھی مشورہ لینے کے بعد ہی سپریم کورٹ سے رجوع ہونے پر حکومت غور کر رہی ہے ۔ اور اسطرح ماہ نومبر کے آخری ہفتہ یا ماہ ڈسمبر کے پہلے ہفتہ میں سپریم کورٹ میں رٹ درخواست پیش کرنے کی تیاری شروع کرنے کی عہدیداروں کو ہدایات دی گئیں۔