چیف سکریٹری کو مکتوب ۔ سرکاری مشنری و نفاذ قانون کی ایجنسیوں کو چوکس رکھنے کا مشورہ
ایس ایم بلال
حیدرآباد 4 مارچ ۔ پلوامہ میں پاکستانی دہشت گرد تنظیم جیش محمدکے فدائین حملے کے پیش نظر مرکزی وزارت داخلہ نے ریاست تلنگانہ کی انٹلی جنس اور قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ مرکزی وزارت داخلہ کے ڈائرکٹر (IS-I) کی جانب سے تلنگانہ کے چیف سکریٹری تلنگانہ کو ایک مکتوب بھیجا جس میں یہ واضح طور پر کہا گیا ہے کہ کسی بھی قسم کی ایمرجنسی اور ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے سرکاری مشنری بالخصوص قانون نافذ کرنے والی ایجنسیاں چوکس رہیں۔ ڈائرکٹر مرکزی وزارت داخلہ نے اپنی ہدایت میں یہ واضح طور پر کہاکہ حالیہ دنوں جیش محمد کی جانب سے کئے گئے خودکش حملے کے پس منظر میں پیدا شدہ صورتحال کے نتیجہ میں دیگر دہشت گرد تنظیم سرکاری اداروں، اہم دفاعی تنصیبات، پبلک ٹرانسپورٹ، عوامی مقامات کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے اور یہ خدشہ بھی ظاہر کیاکہ یہ بھی ممکن ہے کہ دہشت گرد سرحدی علاقوں سے داخل ہونے کے علاوہ ساحلی علاقوں سے بھی داخل ہوکر دہشت گرد سرگرمیاں انجام دے سکتے ہیں۔ اِس ضمن میں ریاستی انٹلی جنس اور لاء اینڈ آرڈر عملے کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے اور ایسے اقدامات کے لئے بھی ہدایت دی گئی ہے جس میں ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار رہنے کے لئے کہا گیا ہے۔ پولیس فورس کو ہائی الرٹ اختیار کرتے ہوئے اپنے عملے کو اس سلسلہ میں آگاہ کریں۔ مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے مکتوب موصول ہونے کے بعد چیف سکریٹری شیلندر کمار نے ریاست کے تمام پولیس کمشنران، انسپکٹر جنرل آف پولیس، سپرنٹنڈنٹس آف پولیس اور ضلع مجسٹریٹس کو ہائی الرٹ رہنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔