تلنگانہ میں گھریلوسروے کی زبردست گہما گہمی

سرکاری و خانگی اداروں کو تعطیل‘ پٹرول پمپس‘ہوٹلس اور آر ٹی سی بسیں بند‘ صرف سروے ہوگا
حیدرآباد۔18اگست ( پی ٹی آئی) تلنگانہ میں 19اگست منگل کو عام زندگی جیسے یکلخت تھم جائے گی جب نوتشکیل شدہ ریاست میں شہریوں سے متعلق عام معلومات جمع کرنے کیلئے حکومت کی طرف سے تلنگانہ جامع گھریلو سروے کا آغاز ہوگا ۔ یہ ایک ایسا عمل ہے جس پر بعض گوشوں کی طرف سے اگرچہ تنقیدیں بھی کی جارہی ہیں لیکن حکومت نے واضح کردیا ہے کہ تلنگانہ کے حقیقی مستحق عوام کو فلاحی اسکیمات کے فوائد پہنچانے کیلئے یہ سروے کیا جارہا ہے ۔ جامع گھریلو سروے کا عام انتخابات کے عمل سے تقابل کیا جارہا ہے ۔ یہ ایک بہت بڑا عمل ہونے کے باوجود تلنگانہ کے 10اضلاع میں رہنے والے تخمیناً 84لاکھ خاندانوں کا صرف ایک دن میں احاطہ کیا جائے گا ۔ اس کام میں ٹیچرس اور پولیس کے بشمول چار لاکھ سرکاری ملازمین کو شامل کیا گیا ہے ۔ ریاستی حکومت نے سروے کے موقع پر گھروں پر دستیاب رہنے تمام شہریوں کی سہولت کیلئے 19اگست کو عام تعطیل کا اعلان کی ہے ۔ علاوہ ازیں آر ٹی سی سرویس بھی بند رہے گی۔ہوٹلوں‘ سینما گھروں اور پٹرول پمپس کو بھی بند رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ تمام سرکاری و خانگی تعلیمی ادارے‘ عدالتیں‘ دفاتر ‘کاروباری ادارے وغیرہ بھی منگل کو بند رہیں گے ۔ یہاں موصولہ اطلاعات کے مطابق تمام ٹرینس‘ بسیں اور دیگر ٹرانسپورٹ گاڑیاں مسافرین سے کھچاکھچ بھری دیکھی گئیں جن کے ذریعہ لاکھوں افراد سروے میں تفصیلات درج کرانے کیلئے اپنے آبائی مقامات کو منتقل ہورہے تھے ۔ اس طرح ممبئی ‘ سورت اور دیگر شہروں میں رہنے والے تلنگانہ کے عوام اس عمل میں شمولیت کیلئے اپنے آبائی وطن واپس ہورہے ہیں ۔ جی ایچ ایم سی ویب سائٹ پر پیش کردہ ’’ چیک سلپ‘‘ کے تحت ہر خاندان میں ارکان کی تعداد‘ برقی و آبرسانی بلز ‘ جائیداد ٹیکس کے رسائد ‘ ایل پی جی رسائد‘ بینک اکاؤنٹ ‘ آدھار کارڈ ‘ تاریخ پیدائش اور ذات پات کے صداقت ناموں کی نقولات کے علاوہ بینک اکاؤنٹ نمبر ‘ معذوری کی تفصیلات ‘ گاڑیوں کے رجسٹریشن نمبر ‘ جائیداد اور اراضی کی ملکیت کی تفصیلات فراہم کرنے کی خواہش کی گئی ہے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ پہلے ہی واضح کرچکے ہیں کہ مطلوب تفصیلات کی فراہمی میں عوام کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ پیان کارڈ‘ انکم ٹیکس تفصیلات وغیرہ کیلئے اصرار نہیں کیا جائے گا ۔