تلنگانہ میں گریجویٹ حلقوں سے منتخب ارکان اسمبلی کی حلف برداری

صدر نشین تلنگانہ قانون ساز کونسل سوامی گوڑ نے پی راجیشور ریڈی اور رامچندر کو حلف دلایا
حیدرآباد ۔ 30 ۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ میں گرایجویٹ حلقوں سے منتخب ہونے والے ٹی آر ایس اور بی جے پی کے ارکان نے آج اپنے عہدہ کا حلف لیا۔ حیدرآباد ، رنگا ریڈی اور محبوب نگر اضلاع سے منتخب ہونے والے بی جے پی قائد رام چندر راؤ اور نلگنڈہ ، ورنگل اور کھمم حلقہ سے منتخب ٹی آر ایس قائد پی راجیشور ریڈی نے آج کونسل کے رکن کی حیثیت سے حلف لیا۔ قانون ساز کونسل کے احاطہ میں دونوں ارکان نے علحدہ علحدہ پہنچ کر کونسل کی رکنیت کا حلف لیا۔ صدرنشین سوامی گوڑ نے دونوں ارکان کو حلف دلایا ۔ اس موقع پر وزراء ٹی آر ایس ارکان اسمبلی و کونسل کے علاوہ بی جے پی قائدین کی کثیر تعداد موجود تھی جنہوں نے نو منتخب ارکان کونسل کو مبارکباد پیش کی ۔ حلف برداری سے قبل دونوں ارکان نے گن پارک پہنچ کر شہیدان تلنگانہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ٹی آر ایس رکن پی راجیشور ریڈی کے ہمراہ ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی ، وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی ، وزیر برقی جگدیش ریڈی کے علاوہ ٹی آر ایس کے سینئر قائدین موجود تھے ۔ اس موقع پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پی راجیشور ریڈی نے کہا کہ وہ ریاست میں گرایجویٹس کے مسائل کی یکسوئی کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی لاکھ کوششوں کے باوجود گرایجویٹس نے انہیں بھاری اکثریت سے منتخب کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ کے مقابلہ میں اس مرتبہ گرایجویٹ حلقہ میں ٹی آر ایس کے ووٹ فیصد میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ، طلبہ ، اساتذہ اور وکلاء کے مسائل کی یکسوئی میں سنجیدہ ہے ۔ وہ گرایجویٹ رکن کی حیثیت سے مسائل کی یکسوئی کے سلسلہ میں حکومت سے بھرپور نمائندگی کریں گے ۔ انہوں نے طلبہ کو یقین دلایا کہ بہت جلد مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کا عمل شروع ہوگا۔