حیدرآباد۔ 28 اپریل (پی ٹی آئی) محکمہ موسمیات نے تلنگانہ کیلئے ملی جلی موسمی پیش قیاسی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست میں منگل تک جھلسا دینے والی دھوپ اور شدید گرمی کی لہر بدستور برقرار رہے گی تاہم اس مدت کے دوران بعض مقامات پر طوفانی ہواؤں کے ساتھ ہلکی یا اوسط بارش سے کسی قدر راحت مل سکتی ہے۔ تلنگانہ کے اکثر مقامات پر گزشتہ چند دن سے اوسط درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیس ہے، تاہم آج دن میں شہر کا مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہا۔ اتوار اور پیر کو بھی گرمی کی لہر رہے گی۔ اس کے ساتھ ریاست کے بعض علاقوں میں ہلکی یا اوسط بارش کا امکان۔ عادل آباد 45.3 ڈگری سیلسیس کے ساتھ ریاست کا گرم ترین مقام رہا۔ نظام آباد 44.5 کے ساتھ دوسرے مقام پر رہا۔ حیدرآباد کا درجہ حرارت 41 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔