حیدرآباد ۔ 5 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : تلگنانہ کے بعض مقامات پر آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 اور 42 ڈگری کے درمیان رہے گا ۔ محکمہ موسمیات نے آج یہاں جاری کردہ اپنے بلیٹن میں کہا کہ اس مدت کے دوران ریاست کے اکثر علاقوں کا درجہ حرارت معمول سے 2 یا 3 ڈگری زائد رہے گا ۔ محکمہ موسمیات نے یہ پیش قیاسی بھی کی ہے کہ تلنگانہ ، رائلسیما اور ساحلی آندھرا پردیش کے بعض علاقوں میں آئندہ پانچ دن کے دوران طوفانی ہواؤں ، گرج چمک ، ژالہ باری کے ساتھ موسلادھار یا اوسط بارش بھی ہوسکتی ہے ۔ رائلسیما اور تلنگانہ کے بعض علاقوں میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش ہوئی لیکن ساحلی آندھرا پردیش میں موسم خشک رہا ۔ تلنگانہ میں عادل آباد اور نظام آباد گرم ترین اضلاع رہے جہاں کا درجہ حرارت 41 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جب کہ آندھرا پردیش میں سب سے زیادہ 39 ڈگری درجہ حرارت ضلع اننت پور میں ریکارڈ کیا گیا ۔۔