ہفتہ طویل گرمی برقرار رہنے کا امکان، موسم باراں میں بارش کا عدم آغاز
حیدرآباد۔20جون(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد و ریاست تلنگانہ میں مانسون کی ایک بارش کے بعد دوبارہ موسم گرما شدت اختیار کرچکا ہے اور کہا جا رہاہے کہ آئندہ ایک ہفتہ تک گرمی کی شدت اسی طرح برقرار رہے گی۔ جاریہ ماہ کے ابتدائی ایام میں ہونے والی ہلکی اور تیز بارش کے بعد سمجھا جا رہا تھا کہ موسم تیزی سے تبدیل ہوتے ہوئے خوشگوار ہوجائے گا لیکن 14جون سے اب تک محکمہ موسمیات کے ریکارڈس کے مطابق درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ نہیں کی گئی بلکہ اس میں اضافہ ریکارڈکیا جاتا رہا ہے ۔ شہر میں درجہ حرارت میں ہونے والے اضافہ کے متعلق ماہرین موسمیات کا کہناہے کہ ماحولیاتی تبدیلی کے باعث یہ صورتحال پائی جا رہی ہے اور آئندہ ایک ہفتہ کے دوران بھی موسم میں تبدیلی کے کوئی آثار نہیں ہیں ۔ مانسون کی آمد کے ساتھ ہی شہری علاقو ںکے موسم میں بھی ٹھنڈک اور رات کے اوقات میں سرما جیسی صورتحال پیدا ہوجایا کرتی تھی لیکن جاریہ موسم باراں کے دوران بارش کے عدم آغاز کے سبب گرمی کی شدت میں کوئی نمایاں کمی واقع نہیں ہوئی ہے اور نہ ہی گھروں میں کولراور ائیر کنڈیشن کا استعمال ختم ہوا ہے۔ بتایاجاتاہے کہ ابتدائی موسم گرما کی صورتحال ابھی بھی پائی جارہی ہے اور آئندہ چند یوم کے دوران بارش کی صورت میں ہی درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ کی جائے گی ۔ پڑوسی ریاست آندھرا پردیش میں بھی گرمی کا قہرابھی تک جاری ہے اور حکومت آندھرا پردیش نے گرمی کی شدت میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے 3 یوم کی تعطیلات کا اعلان کردیا ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست تلنگانہ کے دیگر اضلاع میں بھی گرمی کی شدت محسوس کی جا رہی ہے لیکن اس بات کی بھی پیش قیاسی کی جا رہی ہے کہ آئندہ چند یوم کے دوران اضلاع میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوجائے گا۔