حیدرآباد۔/29 مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں گرمی کی شدت برقرار ہے ۔ آج ضلع عادل آباد میں اعظم ترین درجہ حرارت مسلسل دوسرے دن بھی 46.3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے پہلے ہی گرم لُو چلنے اور موسم میں شدت کی پیش قیاسی کی تھی اور کہا تھا کہ ریاست میں گرمی کی یہ صورتحال 31مئی تک برقرار رہے گی۔ عادل آباد کے بعد نلگنڈہ اور ہنمکنڈہ میں بھی سب سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا جبکہ حیدرآباد میںآج 41.6 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت تھا۔ محکمہ موسمیات نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ فوری طور پر دھوپ میں نہ نکلیں۔ گھر سے باہر نکلنے سے قبل دھوپ سے بچنے کیلئے احتیاطی اقدامات کرلیں۔ گزشتہ ایک ماہ سے تلنگانہ بھر میں گرمی کی لہر چل رہی ہے ایسا معلوم ہورہا ہے کہ سورج کرۂ ارض کے قریب ہوگیا ہے۔