حیدرآباد 14 مئی ( سیاست نیوز ) محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تلنگانہ کے اضلاع جئے شنکر بھوپال پلی ‘ بھدراری ‘ کتہ گوڑم ‘ کھمم ‘ محبوب آباد ‘ سوریہ پیٹ ‘ نلگنڈہ ‘ ناگرکرنول ‘ وقار آباد ‘ رنگا ریڈی ‘ محبوب نگر ‘ ون پرتی ‘ حیدرآباد اور گدوال میں کچھ مقامات پر گرج چمک اور تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔ محکمہ نے خبردار کیا کہ آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے دوسرے اضلاع میں بھی آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران تیز ہوائیں چل سکتی ہیں اور گرج چمک کا بھی امکان ہے ۔ یہی صورتحال آندھرا پردیش کے اضلاع سریکا کلم ‘ وجیا نگرم ‘ وشاکھاپٹنم ‘ مشرقی گوداوری اور مغربی گوداوری میں بھی ہوسکتی ہے ۔ ان اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بھاری بارش کا بھی امکان ہے ۔ تلنگانہ میں عادل آباد میں سب سے زیادہ 42 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ۔ حیدرآباد میں بھی ہلکی بارش گرج چمک کے ساتھ ہوسکتی ہے ۔ اعظم ترین درجہ حرارت 37 ڈگری اور اقل ترین 28 ڈگری تک ہوسکتا ہے ۔