تلنگانہ میں کچھ مقامات پر ہلکی تااوسط بارش کا امکان

حیدرآباد 2 مئی ( سیاست نیوز ) تلنگانہ میں کچھ مقامات پر ہلکی سے اوسط بارش ہوسکتی ہے یا پھر گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی ہوسکتی ہے ۔ دیگر مقامات پر موسم خشک رہیگا ۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ تلنگانہ میں کچھ مقامات پر 30 تا 40 کیلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔ حیدرآباد اور اطراف کے علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آولود رہیگا اور گرج چمک بھی ہوسکتی ہے ۔ شہر میں درجہ حرارت اعظم ترین 42 ڈگری سلسئیس اور اقل ترین 28 ڈگری سلسئیس کے آس پاس ہوسکتا ہے ۔ اس دوران سائیکلون فانی جو انتہائی شدید طوفان میں تبدیل ہوگیا ہے وہ ساحل اوڈیشہ سے 450 کیلومیٹر کی دوری طر ہے ۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ یہ شمال کی سمت بڑھ رہا ہے اور امکان ہے کہ وہ جمعہ کی دوپہر ساحل اوڈیشہ سے گوپال پور اور چند بالی کے مقام پر ٹکرا سکتا ہے ۔ اس وقت 200 کیلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔ اوڈیشہ ‘ مغربی بنگال اور آندھرا پردیش کے 19 اضلاع اس طوفان سے متاثر ہوکستے ہیں۔ ایسٹ کوسٹ ریلوے نے چہارشنبہ کو 22 ٹرینوں کو منسوخ کردیا ہے ۔