!تلنگانہ میں کنٹی ویلگو ، چیف منسٹر کے آنکھ کا دہلی میں علاج

ٹی آر ایس حکومت ریاست کی عوام کو بے وقوف بنا رہی ہے ، مدھو گوڑ یشکی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : ٹی آر ایس کی جانب سے ’ کنٹی ویلگو ‘ آنکھوں کی روشنی کے نام سے ملک کی باوقار اسکیم کا اعلان کیا جارہا ہے ۔ مگر تعجب و حیرت کی بات ہے کہ کارگزار چیف منسٹر کے سی آر اپنی آنکھوں کا دہلی میں معائنہ کراتے ہوئے تلنگانہ کی عوام کو بے وقوف سمجھ رہے ہیں ۔ یا پھر انہیں تلنگانہ کے ڈاکٹرس پر بھروسہ نہیں ہے ۔ سربراہ ٹی آر ایس کا یہ اقدام تلنگانہ کے عوام اور ڈاکٹرس کی توہین کرنے کے مترادف ہے ۔ آج گاندھی بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مدھو گوڑیشکی نے کہا کہ کے سی آر کو اپنی شروع کردہ اسکیم پر بھروسہ نہیں ہے یا پھر مودی کی محبت میں کے سی آر اندھے ہوگئے ہیں ۔ تلنگانہ تحریک کے دوران آندھرا والوں کو شیطان قرار دینے والے کے ٹی آر سیاسی لالچ میں تلنگانہ میں قیام پذیر آندھرائی عوام کا تحفظ کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے گرگٹ کی طرح رنگ بدل رہے ہیں ۔ حیدرآباد میں ایل وی پرساد مشہور آنکھوں کا دواخانہ ہے مگر آندھرا والوں کا دواخانہ ہونے کی وجہ سے کے سی آر کو ان پر بھروسہ نہیں ہے ۔ تمام سروے عظیم اتحاد کے کامیابی کی پیش قیاسی کررہے ہیں ۔ جس سے کے سی آر خوفزدہ ہیں اور کے ٹی آر بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر بہکی بہکی باتیں کررہے ہیں ۔ کے سی آر کے خاندان کو دیکھ کر گرگٹ بھی شرمندگی کا اظہار کررہے ہیں ۔ مدھو گوڑ یشکی نے کے ٹی آر کو یاد دلایا کہ آندھرائی طلبہ کو فیس ری ایمبرسمنٹ اسکیم سے محروم کرنے کے لیے کے سی آر نے فاسٹ اسکیم متعارف کروایا تھا جس کو ہائی کورٹ نے منسوخ کردیا تھا ۔ بے نامی جائیدادیں اکٹھا کرنے کے معاملے میں کارگزار چیف منسٹر کے سی آر کی دختر رکن پارلیمنٹ کے کویتا تلنگانہ کی ششی کلا بن گئی ہیں ۔ اپنے برادر نسبتی کو بے نامی بناتے ہوئے کے ٹی آر ریاست کو لوٹ رہے ہیں ۔ شہر حیدرآباد کی ترقی میں چندرا بابو نائیڈو کے رول سے ہرگز انکار نہیں کیا جاسکتا ۔ خصوصی ریاست کا درجہ آندھرائی عوام کا حق ہے ۔ آندھراپردیش کو عہدہ دینے سے انکار کرنے والے وزیراعظم نریندر مودی کی کارگزار چیف منسٹر کے سی آر تائید کررہے ہیں ۔ جنہیں تلنگانہ میں موجود آندھرائی عوام سبق سکھائیں گے ۔ سیما آندھرا کے مفادات کا کانگریس پارٹی مکمل تائید کرے گی اور ہمیشہ ساتھ دے گی ۔ امراوتی کو 100 کروڑ روپئے بھیک پر کے ٹی آر کا بیان مضحکہ خیز ہے ۔ کے ٹی آر کے ریمارکس آندھرائی عوام کی توہین کرنے کے مترادف ہے ۔ مدھوگوڑ یشکی نے سیما آندھرا کے عوام کو ٹی آر ایس قائدین کی دھمکیوں سے خوفزدہ نہ ہونے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی ان کی ڈھال بن کر ساتھ دے گی ۔ سیما آندھرا کے عوام پر حملہ کرنے کی کوشش کی گئی تو انہیں تحفظ فراہم کرنے کے لیے کانگریس پارٹی خصوصی سیل تشکیل دینے سے بھی گریز نہیں کرے گی ۔ سکریٹری اے آئی سی سی مدھو گوڑ یشکی نے گورنر نرسمہن کو مودی کا ایجنٹ قرار دیا ۔ ٹی آر ایس اور مجلس سے بی جے پی کی خفیہ ساز باز ہوجانے کا الزام عائد کیا ۔۔