حیدرآباد ۔ /21 مئی (سیاست نیوز) /23 مئی کو پارلیمانی رائے شماری کے پیش نظر تلنگانہ پولیس نے سکیورٹی کے موثر انتظامات کئے ہیں اور بھاری پولیس فورس کو متعین کیا جارہا ہے ۔ ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس لا اینڈ آرڈر مسٹر جیتندر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ ریاست میں /11 اپریل کو 17 پارلیمانی حلقوںکے 34,603 پولنگ اسٹیشنس میں رائے دہی ہوئی تھی جس کے بعد ای وی ایمس اور وی وی پیاڈس کو ریاست کے 37 مقامات میں 123 اسٹرانگ رومس قائم کئے گئے ہیں ۔ مسٹر جیتندر نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کے رہنمایانہ خطوط کے مطابق اسٹرانگ رومس کی سکیورٹی کیلئے 3 ٹائیر سکیورٹی کا انتظام کیا گیا ہے جس کے تحت نیم فوجی دستوں کو تعینات کرنے کے علاوہ 24 گھنٹے سی سی ٹی وی ریکارڈنگ کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رائے شماری کے پیش نظر تلنگانہ کے تمام اضلاع اور کمشنریٹس میں سکیورٹی متعین کی گئی ہے اور 10 ہزار پولیس فورس کو اعلی پولیس عہدیدار راست طور پر نگرانی رکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عام عوام کو رائے شماری سنٹرس میں جانے کی اجازت نہیں ہے اور متعلقہ ریٹرننگ آفیسر سے حاصل شدہ پاس ہونے پر ہی داخلہ کی اجازت رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا نمائندوں کیلئے بھی مخصوص مقام مقرر کیا گیا ہے اور ریاست کے تمام رائے شماری سنٹرس میں پولیس نے ایک کیلو میٹر تک 144 دفعہ نافذ کرتے ہوئے امتناعی احکامات عمل میں لائے ہیں ۔ جیتنے والے امیدواروں کو جلوس یا ریالی نکالنے کی اجازت نہیں رہے گی اور اس کیلئے پولیس کی اجازت لازم ہے ۔