حیدرآباد ۔ 22 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : ریاست تلنگانہ میں تمام سرکاری مدارس کے امتحانی نتائج کا اعلان کیے جانے کے بعد جاریہ تعلیمی سال 2014-15 کے لیے 23 اپریل تمام سرکاری مدارس کا آخری ورکنگ ڈے ہوگا اور 24 اپریل تا 11 جون گرمائی تعطیلات ہوں گے جب کہ ریاست تلنگانہ میں نئے تعلیمی سال کا 12 جون سے آغاز ہونے پر تمام سرکاری مدارس دوبارہ کھل جائیں گے ۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ محکمہ تعلیمات کے مرتب کردہ کیلنڈر کی روشنی میں 23 اپریل کے دن تمام سرکاری مدارس کے امتحانی نتائج جاری کردینے کے بعد 24 اپریل سے تمام سرکاری مدارس کو گرمائی تعطیلات دے دئیے جائیں گے ۔ اس طرح سرکاری مدارس کو 49 یوم کے تعطیلات رہیں گے ۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ اسکول کے آخری ایام کار ( آخری ورکنگ ڈے ) کے موقعہ پر تمام اساتذہ کی مدارس میں موجودگی ( حاضری کو ) کو ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسرس نے لازی قرار دیا ہے اور اسی طرح گرمائی تعطیلات کے اختتام پر مدارس کے دوبارہ آغاز کے دن بھی اساتذہ کی موجودگی ضروری ہوتی ہے ۔ جہاں تک مدارس میں سالانہ امتحانات اور نتائج کا سوال ہے ۔ سال تمام طلباء وطالبات کتابیں ، اسکول کو روانگی اور پڑھائی گھر واپسی کے بعد پھر ہوم ورک اور ماہانہ ، سہ ماہی ، ششماہی و سالانہ امتحانات کے سلسلہ میں ہمیشہ مصروف رہنے والے طلباء و طالبات کے لیے گرمائی تعطیلات شروع ہونے کے ساتھ ہی ایک طرح کی خوشی پائی جاتی ہے اور طلباء وطالبات مدارس کو تعطیلات ہونے کے ساتھ ہی والدین پر سیر و تفریح کے لیے دباؤ ڈالنا شروع کردیتے ہیں ۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ 23 اپریل کو جاریہ تعلیمی سال کا اختتام ہوگا اور نئے تعلیمی سال کا ( سرکاری مدارس کے لیے ) 12 جون سے دوبارہ آغاز ہوگا ۔۔