تلنگانہ میں کسانوں کیلئے انشورنس اسکیم پر عمل جاری

حیدرآباد۔ 17۔ اگست(یواین آئی ) تلنگانہ کے کسانوں کی مشکلات کو دور کرنے کیلئے رعیتو بیمہ (کسانوں کے بیمہ)کی اسکیم کی شروعات کی گئی ہے جس پر کافی بہتر ردعمل مل رہا ہے ۔ریاستی حکومت کسانوں کو اس اسکیم کے ذریعہ راحت پہنچاتے ہوئے زراعت کی سرگرمیوں کو منافع بخش بنانا چاہتی ہے ۔ اس نئی اسکیم رعیتو بیمہ کو کسانوں کے لئے ایک اور راحت سمجھا جار ہا ہے ۔وزیراعلی کے چندرشیکھر راؤ نے اس اسکیم کا رسمی طورپر یوم آزادی کے موقع پرآغازکیا۔اس اسکیم میں 18برس کی عمر سے لے کر 59برس کی عمر تک کے کسانوں کا احاطہ کرتے ہوئے ہر کسان کے لئے پانچ لاکھ روپئے کا انشورنس کروایاگیا ۔اس طر ح ہر کسان کے لئے بیمہ کا پریمیم 2271روپئے ہے جو ریاستی حکومت ادا کررہی ہے ۔ریاستی حکومت نے اس اسکیم کے لئے لائف انشورنس کارپوریشن (ایل آئی سی )کے ساتھ معاہدہ کیا ہے ۔اس اسکیم کے پریمیم کی رقم کے طور پر تلنگانہ حکومت کسانوں کی طرف سے ایک ہزار کروڑ روپئے صرف کر رہی ہے ۔اس اسکیم کے تحت کسان کو اس کی موت پر اس کی جانب سے نامزد کردہ فرد کو کسان کی موت کے اندرون دس دن انشورنس کی رقم حاصل ہوجائے گی۔اس اسکیم کا مقصد غریب کسانوں کی زندگیوں اور ان کے خاندانوں کا تحفظ ہے ۔ذرائع کے مطابق ریاستی حکومت 58لاکھ زرعی کسانوں کا احاطہ کیاجارہا ہے ۔