تلنگانہ میں کرپشن سے پاک صنعتی پالیسی

حیدرآباد /18جولائی ( آئی این این ) چیف منسٹر تلنگانہ چندرا شیکھر راؤ نے امریکی وفد سے ملاقات کے دوران کہا کہ حکومت تلنگانہ ریاست میں کرپشن سے پاک صنعتی پالیسی بہت جلد وضع کرے گی اور پالیسی ساری دنیا کیلئے قابل تقلید ہوگی ۔ اوباما نظم و نسق کے اہم رکن ڈائرکٹر جنرل ارون ایم کمار کی زیر قیادت امریکی وفد میں ریاستی سکریٹریٹ میں چیف منسٹر سے ملاقات کی ۔ اس وفد میں امریکہ کے بیرونی تجارتی خدمات اور عالمی مارکٹس کے اسسٹنٹ سکریٹری کے علاوہ امریکی ڈپارٹمنٹ کامرس کے نمائندے بھی شامل تھے ۔ وفد کے دیگر ارکان میں جان ایم مکسلن ، منسٹر قونصل برائے تجارتی امور ، امریکی کمرشیل سرویس مائیکل ملینس ، قونصل جنرل یو ایس قونصلیٹ جنرل وجئے سنگھ سینئیر اڈوائزر ستیہ پربھا اور دیگر شامل ہیں ۔ چیف منسٹر چندرا شیکھر راؤ نے کہا کہ تلنگانہ میں صنعتوں کے قیام کیلئے 3 لاکھ ایکر اراضی دستیاب ہوگی ۔ جہاں پر صنعتی یونٹیں قائم کرکے تلنگانہ کی ترقی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے ۔ تلنگانہ میں موجود ان اراضیات پر شاندار انفراسٹرکچر سہولتیں بھی ہوں گی ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست سرمایہ کاری کیلئے ایک بہترین ریاست ہے ۔ وہ اپنے دفتر میں ایک ایسا خصوصی سیل قائم کریں گے جہاں صنعتی تجاویز کو تیزی سے منظوری دی جائے گی اور دو ہفتوں کے اندر ہی فائلس منطور کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کا علاقہ زلزلیات سے محفوظ زون قرار دیا جاتا ہے اور یہ سرمایہ کاری کیلئے بہترین مقام ہے ۔ امریکی وفد نے بتایا کہ وہ ہوابازی اور دفاعی شعبوں میں دلچسپی رکھتا ہے ۔ مائیکل ملینس قونصل جنرل نے جب اس بات کی نشاندہی کی کہ وہ حیدرآباد میں بہت جلد اپنا آفس تعمیر کریں گے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ امریکی قونصل خانے کی عمارت کی تعمیر کے بعد حیدرآباد کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہوجائے گا ۔ یہ عمارت ہندوستان میں موجود امریکی قونصل خانوں میں سے ایک شاندار عمارت ہوگی ۔ حیدرآباد میں امریکی قونصل خانے کی تعمیر کیلئے فوری اجازت دی جائے گی ۔ چیف منسٹر اور امریکی وفد نے اس سال کے آخر میں مشترکہ انڈو امریکن چوٹی کانفرنس کے انعقاد پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔ چندرا شیکھر راؤ نے امریکی وفد سے اس خواہش کا اظہار بھی کیا کہ صدر امریکہ بارک اوباما کے دورہ ہندوستان کے موقع پر حیدرآباد کو بھی دورہ میں شامل کیا جائے ۔ اس موقع پر وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اور پنچایت راج کے ٹی راما راؤ چیف سکریٹری ڈاکٹر راجو شرما ، پرنسپال سکریٹری ایس نرسنگ راؤ اور اڈوائزر کے وی رمنا چاری بھی موجود تھے ۔