تلنگانہ میں کانگریس کے شکتی پروگرام کی کامیابی پر ستائش : راہول گاندھی

بہترین خدمات پر دس قائدین کو تہنیت، شکتی پروگرام میںمزید رجسٹریشن پر زور

حیدرآباد ۔ 18 اگست (سیاست نیوز) صدر آل انڈیا کانگریس پارٹی راہول گاندھی نے تلنگانہ میں شکتی پروگرام پر کامیابی سے عمل آوری کی ستائش کی ہے اور بہترین مظاہرہ کرنے والے 10 قائدین کو تہنیت پیش کیا۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے تلنگانہ میں 1.80 لاکھ شکتی پروگرام کا رجسٹریشن ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے پارٹی قائدین اور کارکنوں کو شکتی ایپ میں مزید رجسٹریشن کرانے پر زور دیا۔ آج دہلی میں صدر کانگریس راہول گاندھی نے شکتی پروگرام کا جائزہ لیا جس میں تلنگانہ، راجستھان اور چھتیس گڑھ کے پارٹی قائدین نے شرکت کی ساتھ ہی قومی قائدین میں پی چدمبرم، اے آئی سی سی جنرل سکریٹری اشوک گہلوٹ شکتی پروگرام تلنگانہ کے کوآرڈینیٹر و رکن اسمبلی ٹی رام موہن ریڈی، اے آئی سی سی انلاٹیکس ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین پروین چکرورتی کے علاوہ دوسرے موجود تھے۔ راہول گاندھی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شکتی پروگرام بوتھ سطح تک پارٹی کارکنوں سے رابطہ قائم رکھنے میں اہم رول ادا کررہا ہے اور ساتھ ہی پارٹی کیلئے سنجیدہ کام کرنے والوں کی اس ایپ سے شناخت ہورہی ہے۔ صحیح معنوں میں شکتی ایپ ایکسرے یا سٹی اسکان ہے جو پارٹی کی اصلی طاقت و کمزوری کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کانگریس قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ پارٹی کیڈر کو شکتی پروگرام سے جوڑنے میں دن رات کام کریں۔ اس موقع سے خطاب کرتے ہوئے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں شکتی پروگرام کو لیکر پارٹی قائدین و کارکنوں میں زبردست جوش خروش پایا جاتا ہے۔ پارٹی کارکن اور کانگریس کے حامی بڑے پیمانے پر شکتی ایپ میں اپنے ناموں کا اندراج کررہے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے بتایا کہ تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں پارٹی قائدین شکتی ایپ میں پارٹی کارکنوں کے ناموں کا اندراج کرانے کیلئے بڑے پیمانے پر کام کررہے ہیں۔ رام موہن ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے تلنگانہ شکتی ایپ میں رجسٹریشن کرانے کے معاملے میں سارے ملک میں تیسرے مقام پر ہے۔ پہلے مقام پر راجستھان ہے جبکہ چھتیس گڑھ دوسرے مقام پر ہے۔ تاحال تلنگانہ میں 1.80 لاکھ افراد نے شکتی ایپ سے اپنے آپ کو جوڑ لیا ہے۔ صدر کانگریس راہول گاندھی نے تلنگانہ میں نمایاں رول ادا کرنے والے 10 قائدین این سریکانت (عنبرپیٹ)، پدماوتی ریڈی (کوداڑ)، ڈاکٹر ومشی کرشنا (اچم پیٹ)، ڈی مادھوا ریڈی (نرسم پیٹ)، راج ٹھاکر (راماگنڈم)، ڈاکٹر سنجیو ریڈی (سنگاریڈی)، وی پرتاپ ریڈی (گجویل)، جی پرساد کمار (وقارآباد)، انیل بالکنڈہ)، مہیشور ریڈی (نرمل) کو تہنیت پیش کیا جبکہ رام موہن ریڈی نے راہول گاندھی کو تہنیت پیش کیا۔