صدر پی سی سی اتم کمار ریڈی کی درگاہ حضرات یوسفینؒ پر حاضری
حیدرآباد ۔ 26 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے آج صبح درگاہ یوسفینؒ پر چادر گل پیش کرنے کے بعد اپنی ’ پرجا چیتنیہ یاترا ‘ کا آغاز کیا اور آئندہ انتخابات میں کانگریس پارٹی کو اقتدار میں لانے کے عزم کا اظہار کیا ۔ ہزاروں کارکنوں کے قافلے میں اتم کمار ریڈی درگاہ یوسفینؒ پہونچے اس موقع پر سکریٹری انچارج تلنگانہ کانگریس امور آر سی کنٹیا ، قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل محمد علی شبیر ، ورکنگ پریسیڈنٹ ملو بٹی وکرامارک ، رکن راجیہ سبھا ایم اے خاں ، سابق ارکان پارلیمنٹ محمد اظہر الدین ، انجن کمار یادو ، وی ہنمنت راؤ سابق مرکزی وزیر بلرام نائیک ، صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ محمد خواجہ فخر الدین سابق صدر محمد سراج الدین جنرل سکریٹریز تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ایس کے افضل الدین ، محمد مقصود احمد ، عظمی شاکر ، سید عظمت اللہ حسینی ترجمان ، سید نظام الدین ، ٹریژر جی نارائن ریڈی سابق وزیر ڈی ناگیندر ، سابق سکریٹریز تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی سید یوسف ہاشمی ، صمد خاں ، صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل ، کانگریس کے قائدین سید شوکت رحمت علی ، محمد معراج خاں ، سید فاروق پاشاہ قادری ، شکیل خاں کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے ۔ درگاہ یوسفینؒ پر چادر گل پیش کرنے کے بعد میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس کا دور حکومت مایوس کن سنہرے تلنگانہ کا خواب دکھا کر چیف منسٹر کے سی آر نے اپنے خاندان کو سنہرے تلنگانہ میں تبدیل کرلیا ۔ انتخابی منشور کے ذریعہ عوام سے جو بھی وعدے کئے گئے تھے ان وعدوں کو پورا کرنے میں ٹی آر ایس حکومت ناکام ہوچکی ہے ۔ سماج کا کوئی بھی طبقہ حکومت کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہے ۔ مسلمانوں اور قبائلوں کو وعدے کے مطابق تحفظات فراہم نہیں کئے گئے نہ ہی غریب اور بے گھر افراد کو ڈبل بیڈ روم مکانات حاصل ہوئے ۔ دلت طبقہ کو فی خاندان کے حساب سے تین ایکڑ اراضی نہیں ملی ۔ ایک لاکھ کروڑ سے زیادہ قرض حاصل کرتے ہوئے ریاست کے عوام کو مقروض کیا گیا ہے ۔ حکومت کی ناانصافیوں ، بدعنوانیوں اور ناکامیوں کو عوام کے سامنے آشکار کرنے کے لیے وہ بس یاترا کا آغاز کررہے ہیں ۔۔