دہلی میں ڈی کے ارونا کی ڈگ وجے سنگھ سے ملاقات
حیدرآباد /7 اگست (سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی و سابق ریاستی وزیر مسز ڈے کے ارونا نے اپنے حامیوں کے ساتھ دہلی پہنچ کر کانگریس کے جنرل سکریٹری ڈگ وجے سنگھ سے ملاقات کرتے ہوئے صدر پردیش کانگریس کی تبدیلی پر انھیں صدر بنانے کا مطالبہ کیا۔ علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے کے باوجود کسی ایک کو کانگریس کی شکست کا ذمہ دار قرار دینے کی مخالفت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ شکست کے ذمہ دار پارٹی کے تمام قائدین ہیں، کیونکہ انتخابات کے موقع پر پارٹی قائدین کے درمیان کسی قسم کا رابطہ اور تال میل نہیں تھا، ہر قائد چیف منسٹر بننے کا خواب دیکھ رہا تھا، جب کہ پارٹی مفادات اور پارٹی امیدواروں کی کامیابی پر کسی نے توجہ نہیں دی۔ انھوں نے کہا کہ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس پنالہ لکشمیا پر ساری ذمہ داری عائد کرنا ٹھیک نہیں ہے۔ دریں اثناء ڈگ وجے سنگھ نے کہا کہ اگر پارٹی میں کوئی تبدیلی ہو رہی ہے تو ان کے مطالبہ پر ضرور غور کیا جائے گا۔