تلنگانہ میں کانگریس کی سست رفتار رکنیت سازی مہم پر ہائی کمان ناراض

صدر پی سی سی تلنگانہ پنالہ لکشمیا کو مہم میں شدت پیدا کرنے کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 22 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ میں کانگریس کی سست رفتار رکنیت سازی مہم پر ہائی کمان ناراض ابھی تک صرف 40 فیصد رکنیت سازی 28 دسمبر تک رکنیت سازی مہم میں شدت پیدا کرنے کی ہدایت تمام قائدین کو رکنیت سازی مہم میں حصہ لینے کا صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا نے مشورہ دیا ۔ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کی شکست کے بعد کانگریس قائدین نے پارٹی سرگرمیوں سے اپنے آپ کو دور رکھا ہے اور نظریاتی اختلافات کا پارٹی کی رکنیت سازی مہم پر اچھا خاصہ اثر دیکھا جارہا ہے ۔ کانگریس پارٹی ہائی کمان نے سارے ملک میں جاریہ مہم کے اواخر تک پارٹی کی رکنیت سازی مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ تاہم اس معاملے میں تلنگانہ ریاست میں ابھی تک صرف 40 فیصد رکنیت سازی ہوئی ہے ۔ جس پر کانگریس پارٹی ہائی کمان نے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ہے ۔ کل گاندھی بھون میں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا کی صدارت میں منعقدہ ایک اجلاس میں پارٹی کی رکنیت سازی مہم کا جائزہ لیا گیا ۔ تلنگانہ کے 10 اضلاع میں ابھی تک صرف 40 فیصد رکنیت سازی ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔ جس پر اجلاس میں موجود اے آئی سی سی سکریٹری انچارج مسٹر کنٹیا نے حیرت کا اظہار کیا ہے ۔ صرف 8 دن میں مزید 60 فیصد رکنیت سازی مہم کیسے پوری کی جائے گی ، اس پر سوالیہ نشان لگ رہا ہے ۔ تلنگانہ کے 10 کے منجملہ صرف دو اضلاع نلگنڈہ اور ورنگل میں اطمینان بخش پارٹی کی رکنیت سازی مہم مکمل ہوئی ماباقی 8 اضلاع میں رکنیت سازی مہم مایوس کن ہے ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ کانگریس پارٹی قائدین کے اختلافات اور گروپ بندیوں کا رکنیت سازی مہم پر اثر پڑا ہے ۔ گاندھی بھون میں منعقدہ اجلاس میں قائد اپوزیشن کونسل مسٹر ڈی سرینواس اور ترجمان تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر مہیش کمار گوڑ کے درمیان لفظی جھڑپ ہوئی ہے اور دونوں کا ایک ہی ضلع نظام آباد سے تعلق ہے ۔ دونوں نے 2014 کے عام انتخابات میں ایک دوسرے کے پڑوسی حلقوں سے مقابلہ کیا تھا اور دونوں کو ہی شکست ہوئی تھی ۔ مہیش کمار گوڑ نے ان کے اسمبلی حلقہ میں رکنیت سازی مہم چلانے ڈی سرینواس پر الزام عائد کیا ہے ۔
ڈی سرینواس نے کہا کہ وہ اس حلقہ کی ماضی میں تین مرتبہ نمائندگی کرچکے ہیں اور اپنے حامیوں کو پارٹی کا رکن بنا رہے ہیں اس میں برائی کیا ہے ۔ اے آئی سی سی سکریٹری کنٹیا اور کارگذار صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر اتم کمار ریڈی نے درمیان میں مداخلت کرتے ہوئے دونوں کو خاموش کردیا ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا نے کہا کہ رکنیت سازی مہم توقع کے برعکس ہے باوجود دسمبر کے اواخر تک نشانہ کو عبور کرلیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع محبوب نگر کے اسمبلی حلقہ عالم پور اور ضلع نظام آباد کے اسمبلی حلقہ جوکل میں صد فیصد رکنیت سازی مہم ہوئی ہے ۔ انہوں نے پارٹی کے تمام قائدین کو نظریاتی اختلافات فراموش کرتے ہوئے پارٹی کی رکنیت سازی مہم کو کامیاب بنانے کا مشورہ دیا ۔۔