صدر تلنگانہ پی سی سی پنالہ لکشمیا کی کل ہند صدر کانگریس سونیا گاندھی کو رپورٹ
حیدرآباد ۔ 3 مئی (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا نے کانگریس کی صدر مسز سونیا گاندھی کو ایک رپورٹ روانہ کرتے ہوئے 45 اسمبلی اور 10 تا 12 لوک سبھا حلقوں پر پارٹی کامیاب ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔ ساتھ ہی مزید 10 اسمبلی حلقوں پر کامیابی کے امکانات روشن ہونے کا بھی ادعا پیش کیا ہے۔ 30 اپریل کو تلنگانہ کے 119 اسمبلی اور 17 لوک سبھا حلقوں پر انتخابات کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔ علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے اور پہلی حکومت تشکیل دینے کا دعویٰ کرنے والی کانگریس پارٹی کو توقع کے مطابق عوامی تائید حاصل نہیں ہوئی ہے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے ٹیلی کانفرنسنگ اور دوسرے ذرائع سے معلومات حاصل کرتے ہوئے ایک رپورٹ تیار کی ہے۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ کانگریس پارٹی کو 45 اسمبلی حلقوں پر کامیابی حاصل ہونے کی اس کے ذرائع سے مسٹر پنالہ لکشمیا کو رپورٹ وصول ہوئی ہے جس کو وہ پارٹی صدر مسز سونیا گاندھی کے بشمول جنرل سکریٹری مسٹر ڈگ وجئے سنگھ اور مرکزی وزیر مسٹر جئے رام رمیش اور کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کو روانہ کرچکے ہیں، جس میں انہوں نے حکومت تشکیل دینے کیلئے کسی بھی جماعت کو مکمل اکثریت حاصل نہ ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔ سی پی آئی اور آزاد امیدواروں کی تائید سے کانگریس حکومت تشکیل دینے کے امکانات پربھی روشنی ڈالی ہے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں ٹی آر ایس کو صرف 40 اسمبلی حلقوں پر کامیابی حاصل ہونے کا دعویٰ کیا ہے اور کہا کہ سربراہ ٹی آر ایس مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی طوفانی انتخابی مہم اور ٹی آر ایس کے انتخابی منشور کو عوام کی جانب تسلیم نہ کرنے کا ادعا کیا ہے۔ تلگودیشم بی جے پی اتحاد کا کوئی خاص مظاہرہ نہ ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں جماعتوں کو 18 تا 20 اسمبلی حلقوں پر کامیابی حاصل ہوگی۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ تلنگانہ میں 45 اسمبلی حلقے ایسے ہیں جہاں سیما آندھرا کے عوام کا اثر ہے جو کبھی بھی ٹی آر ایس کو ووٹ نہیں دیتے۔