حیدرآباد 21 ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کو ازسرنو سرگرم اور فعال بنانے کے ساتھ ساتھ کارکرد بنانے اور پارٹی کارکنوں میں ایک نیا اعتماد پیدا کرنے کے لئے پردیش کانگریس کمیٹی ریاست تلنگانہ نے اقدامات کا آغاز کیا ہے اور اس سلسلہ میں کانگریس ہائی کمان کی ہدایت کے مطابق ریاست تلنگانہ کے تمام تر علاقوں (تمام اضلاع میں) میں بڑے پیمانے پر رکنیت سازی مہم کا آغاز کیا گیا۔ ریاست تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کی جاری رکنیت سازی کے سلسلہ میں آج ایک جائزہ اجلاس صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پی لکشمیا کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں کانگریس پارٹی کے قومی قائد مسٹر رامچندر کنتیہ نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی اور تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے جاری پارٹی کی رکنیت سازی مہم کا تفصیلی جائزہ لیا اور پارٹی کے سینئر قائدین سے تبادلہ خیال کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ مسٹر پنالہ لکشمیا صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے مسٹر رامچندر کنتیہ کو اس بات سے واقف کروایا کہ تلنگانہ میں بڑے پیمانے پر پارٹی کی رکنیت سازی کا عمل جاری ہے اور جاریہ ماہ کے اواخر تک پارٹی کی رکنیت سازی کے عمل کو مکمل کرلیا جائے گا۔ اس اجلاس میں مسرس این اوتم کمار ریڈی، ڈی سرینواس، محمد علی شبیر، کے آر سریش ریڈی، بٹی وکرامارکا، ملو روی، شریمتی سنیتا لکشما ریڈی، بی سدرشن ریڈی و دیگر سینئر کانگریس قائدین اس اجلاس میں شریک تھے۔