راہول کے دورہ کے بعد سونیا گاندھی کی تلنگانہ پر معلومات ‘ ملو بٹی وکرامارک کی ملاقات
حیدرآباد22 مئی (سیاست نیوز)صدر کانگریس مسز سونیا گاندھی نے راہول گاندھی کے دورے کے بعد تلنگانہ کی تازہ سیاسی صورتحال پر ورکنگ پریسیڈنٹ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر ملو بٹی وکرامارک سے معلومات حاصل کرتے ہوئے سارے تلنگانہ میں دیہی علاقوں سے کانگریس کو مستحکم کرنے کیلئے تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کی ہدایت دی ۔ مسٹر ملو بٹی وکرامارک نے آج دہلی میں صدر کانگریس مسز سونیاگاندھی سے ملاقات کی اور ریاست کی تازہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔ ٹی آر ایس حکومت کی غلط پالیسیوں سے تلنگانہ میں زرعی بحران پیدا ہونے اور بڑے پیمانے پر کسان خودکشی کرنے کے واقعات سے واقف کرایا ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ سونیا گاندھی نے کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کے دورے تلنگانہ کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں ۔ ملو بٹی وکرامارک نے انہیں بتایا کہ کسانوں میں خود اعتمادی پیدا ہوئی ہے اور عوام کا اعتماد بھی کانگریس پر بحال ہوا ہے ۔ عثمانیہ یونیورسٹی کے طلبہ اور مختلف سرکاری ایمپلائز کی تنظیمیں بھی راہول گاندھی سے ملاقات کرنے اور اپنے مسائل سے انہیں واقف کرانا چاہتی ہیں ۔ کیونکہ راہول گاندھی فی الوقت جو بھی مسئلہ کو چھیڑ رہے ہیں وہ اچانک قومی مسئلہ بن رہا ہے جس سے حکومت پر بھی خود بہ خود دباو بڑھ رہا ہے ۔ ساتھ ہی ڈسمبر تک حیدرآباد میں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات بھی ہیں ۔ اگر راہول گاندھی ایک مرتبہ حیدرآباد کا دورہ کرتے ہیں تو کانگریس پارٹی کے کیڈر میں نیا جوش و خروش پیدا ہوگا ۔ سونیا گاندھی نے ملو بٹی وکرامارک کو ایک مرتبہ راہول گاندھی سے ملاقات کرنے کا مشورہ دیا ۔ کانگریس پارٹی کو دیہی علاقوں سے مستحکم کرنے سماج کے تمام طبقات کو کانگریس پارٹی میں مناسب نمائندگی دینے پر زور دیا ۔ کانگریس قائدین کو ہمیشہ عوام کے درمیان رہنے ان کے مسائل کو حل کرانے کیلئے جدوجہد جاری رکھنے کا مشورہ دیا ۔ ورکنگ پریسیڈنٹ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ پارٹی صدر نے جو بھی تجاویز پیش کئے ہیں اس پر مکمل عمل کیا جائے گا ۔