حیدرآباد12دسمبر(یواین آئی)تلنگانہ کانگریس کے سینئر لیڈر جاناریڈی نے واضح کیا ہے کہ ریاست میں کانگریس پارٹی کو شکست تلگودیشم پارٹی کی وجہ سے نہیں ہوئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ملک کے سیاسی مفاد کے پیش نظر ہائی کمان کی جانب سے کئے گئے فیصلہ کے مطابق تلگودیشم پارٹی سے اتحاد کیا گیااور عوامی محاذ کی تشکیل عمل میں لائی گئی۔کانگریس پارٹی کے ہیڈ کوارٹرس گاندھی بھون میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے جاناریڈی نے کہا کہ ریاست میں کانگریس کو شکست کی وجوہات کا جائزہ لیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ تلنگانہ کو کانگریس نے ہی ریاست کادرجہ دیا تھا اور اس کے برسراقتدار آنے کی امید تھی تاہم یہ امید پوری نہیں ہوسکی۔انہوں نے ساتھ ہی ٹی آرایس کے سربراہ کے چندرشیکھرراو اور ان کی پارٹی کے نومنتخب ارکان اسمبلی کومبارکباد بھی پیش کی۔اس موقع پر تلنگانہ کانگریس امور کے انچارج آرسی کنتیا نے الزام لگایا کہ ٹی آرایس بے قاعدگیوں کے ذریعہ برسراقتدار آئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ انتخابات سے دو دن پہلے سرکاری گاڑیوں میں سرکاری عہدیداروں کی نگرانی میں ہر دیہات میں رقومات کی تقسیم عمل میں لائی گئی تھی ۔ای وی ایمس میں بھی گڑبڑ کی گئی۔