تلنگانہ میں کانگریس کو اقتدار پر لانے کمربستہ ہوجائیں

راہول گاندھی کی سالگرہ تقریب کے موقع پر
پی سی سی صدر اتم کمار ریڈی کا کارکنوں کو مشورہ
حیدرآباد ۔ 19 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے راہول گاندھی کو وزیراعظم بنانے اور ریاست میں کانگریس کی حکومت تشکیل دینے کے لیے کمر بستہ ہوجانے کا پارٹی کارکنوں کو مشورہ دیا ۔ راہول گاندھی کی 48 ویں سالگرہ کے موقع پر گاندھی بھون میں جشن منایا گیا ۔ پارٹی کارکنوں کی جانب سے بڑے پیمانے پر آتشبازی کی گئی ۔ گاندھی بھون میں منعقدہ تقریب میں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے کیک کاٹا اور راہول گاندھی کو مبارکباد پیش کی ۔ اس موقع پر سابق صدر پردیش کانگریس کمیٹی پنالہ لکشمیا سابق رکن پارلیمنٹ و صدر حیدرآباد سٹی کانگریس کمیٹی انجن کمار یادو صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ راہول گاندھی کے صدر کانگریس بننے کے بعد کانگریس پارٹی کارکنوں بالخصوص نوجوانوں میں نیا جوش و خروش پیدا ہوا ہے اور کانگریس پارٹی کامیابی کی طرف گامزن ہوئی ہے ۔ گجرات اور کرناٹک کے نتائج اس کی زندہ مثال ہے ۔ راہول گاندھی تلنگانہ پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں ۔ وہ بہت جلد تلنگانہ کا بھی دورہ کریں گے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے پارٹی کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ راہول گاندھی کو وزیراعظم بنانے اور تلنگانہ میں کانگریس کو برسر اقتدار لانے کے لیے ابھی سے کمربستہ ہوجائے کیوں کہ بی جے پی کے زیر قیادت این ڈی اے اور تلنگانہ کی ٹی آر ایس حکومت عوامی اعتماد سے محروم ہوچکی ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی اور چیف منسٹر کے سی آر عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں ۔ جس سے عوام دونوں حکومتوں سے ناراض ہیں ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ عوام کی ناراضگی مول لینے والے کوئی بھی اقتدار پر برقرار نہیں رہ سکتے ۔ ان دونوں جماعتوں کا کانگریس ہی متبادل ہے ۔ تلنگانہ میں ٹی آر ایس کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے اور کانگریس تیزی سے عوام کا اعتماد حاصل کررہی ہے ۔ تلنگانہ حکومت صرف تشہیر پر برقرار ہے ۔ عملی اقدامات میں صفر ہے ۔ ٹی آر ایس کے انتخابی منشور میں عوام سے کیا گیا کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا گیا ۔ سماج کا ہر طبقہ حکومت کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہے ۔ ریاست میں جب بھی انتخابات منعقد ہوں گے کانگریس پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔ انتخابات میں عوام سے جو بھی وعدے کئے جائیں گے اس کو پورے کئے جائیں گے ۔۔