تلنگانہ میں کانگریس کا تشکیل حکومت کا دعویٰ مضحکہ خیز

آندھرائی جماعتوں کے خلاف تلنگانہ رائے دہندوں کا فیصلہ ، ڈاکٹر کے کیشو راؤ کا بیان
حیدرآباد ۔5 ۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے قومی سکریٹری جنرل ڈاکٹر کیشو راؤ نے دعویٰ کیا کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس واضح اکثریت کے ساتھ حکومت تشکیل دے گی۔اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر کیشو راؤ نے کہا کہ اب تک جو بھی سروے منظر عام عام پر آئے ہیں ان کے مطابق تلنگانہ میں ٹی آر ایس کا حکومت تشکیل دینا طئے ہے اور تمام سروے ٹی آر ایس کے حق میں آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چندر شیکھر راؤ تلنگانہ کے پہلے چیف منسٹر بننے کی اہلیت رکھتے ہیں اور وہ ٹی آر ایس کی جانب سے انتخابی منشور میں کئے گئے تمام وعدوں کی تکمیل کو یقینی بنائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین اور دونوں ریاستوں میں پانی کی تقسیم کے مسئلہ پر کسی بھی نا انصافی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ کیشو راؤ نے کہا کہ قومی سطح پر ٹی آر ایس اہم رول ادا کرنے کے موقف میں ہوگی ۔ تیسرے محاذ کی تائید کے بارے میں کیشو راؤ نے کہا کہ ٹی آر ایس غیر کانگریس ، غیر بی جے پی حکومت کے قیام میں مکمل تعاون کرے گی ۔ اس سلسلہ میں مختلف جماعتوں کو قائدین سے بات چیت کی جارہی ہے ۔ کیشو راؤ نے کانگریس کی جانب سے تشکیل حکومت کے دعوؤں کو مضحکہ خیز قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں عوامی رائے ٹی آر ایس کے حق میں تھی اور انتخابی نتائج کے بعد کانگریس پر حقیقت آشکار ہوجائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس 70 تا 75 نشستیں بآسانی حاصل کرے گی اس کے علاوہ لوک سبھا کی 17 میں 10 سے زائد نشستوں پر ٹی آر ایس کو کامیابی حاصل ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ رائے دہندوں نے آندھرائی جماعتوں کے خلاف فیصلہ سنایا ہے۔ اسی دوران ٹی آر ایس کی ریاستی عاملہ کا اجلاس 9 مئی کو 2 بجے دن ٹی آر ایس کے ہیڈکوار تلنگانہ بھون میں منعقد ہوگا۔ پارٹی سربراہ چندر شیکھر راؤ صدارت کریں گے۔ اجلاس میں لوک سبھا اور اسمبلی حلقوں کے تمام پارٹی امیدوار شرکت کریں گے ۔ 16 مئی کو انتخابی نتائج سے قبل ٹی آر ایس عاملہ کا اجلاس اہمیت کا حامل ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس اجلاس میں امیدواروں کو ووٹوں کی گنتی کے طریقہ کار سے واقف کرایا جائے گا ۔ اس کے علاوہ چندر شیکھر راؤ مختلف میڈیا اداروں کی جانب سے کئے گئے اوپنین پول کے نتائج سے بھی واقف کرائیں گے۔