حیدرآباد۔ 17 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے چھوٹے آبپاشی وسائل اور تالابوں کے تحفظ اور بحالی کیلئے کابینی سب کمیٹی تشکیل دی ہے۔ اس کمیٹی کے قیام کا مقصد تلنگانہ میں 52 ہزار سے زائد چھوٹے آبپاشی وسائل کو مستحکم بنانا ہے تاکہ دیہی علاقوں میں آبپاشی کی ضرورت میں تکمیل ہوسکے۔ وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ کو کابینی سب کمیٹی کا صدرنشین مقرر کیا گیا ہے جبکہ ارکان میں وزیر پنچایت راج کے ٹی راما راؤ ، وزیر فینانس ای راجندر ، وزیر زراعت پوچارم سرینواس ریڈی ، وزیر جنگلات جوگو رامنا ، وزیر ٹرانسپورٹ مہیندر ریڈی اور وزیر تعلیم جگدیش ریڈی شامل ہوں گے ۔ پرنسپل سکریٹری کمانڈ ایریا ڈیولپمنٹ اس کمیٹی کے کنوینر ہوں گے۔ یہ کمیٹی تلنگانہ کے تمام اضلاع میں چھوٹے آبپاشی نظام کا جائزہ لے گی اور تالابوں اور دیگر آبی وسائل کے تحفظ کیلئے سفارشات پیش کرے گی ۔ چھوٹے تالابوں کے تحفط اور اس میں ذخیر آب کو یقینی بنانے کیلئے ضروری فنڈس کے سلسلہ میں کمیٹی وسائل کا بھی جائزہ لے گی۔ کمیٹی اس کام میں عوامی شراکت کو بھی یقینی بنانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ یہ کمیٹی 30 ستمبر تک حکومت کو اپنی سفارشات پیش کردے گی۔