تلنگانہ میں چندرا بابو اور وینکیا نائیڈو آندھرا پارٹی کا تسلط برقرار رکھنے کوشاں

تلگو دیشم ، بی جے پی مفاہمت تلنگانہ عوام کو دھوکہ ، کے سی آر صدر ٹی آر ایس کی تنقید

حیدرآباد ۔ 7 ۔ اپریل (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے سربراہ چندر شیکھر راؤ نے تلگو دیشم۔ بی جے پی انتخابی مفاہمت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی مفاہمت کا مقصد تلنگانہ عوام کو دھوکہ دینا ہے۔ ٹی آر ایس بھون میں آج مختلف مزدور یونینوں اور نظام آباد سے تعلق رکھنے والے تلگو دیشم قائدین کی شمولیت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کے سی آر نے الزام عائد کیا کہ تلگو دیشم نے جبراً بی جے پی کے ساتھ مفاہمت کی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس کو کمزور کرنے کیلئے منظم سازش کے تحت مفاہمت کی گئی ہے۔ انہوں نے اس کیلئے چندرا بابو نائیڈو اور وینکیا نائیڈو کو ذمہ دار قرار دیا ۔ کے سی آر نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو اور وینکیا نائیڈو تلنگانہ میں آندھرا پارٹی کا تسلط برقرار رکھنے کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولاورم پراجکٹ کے بارے میں ان قائدین سے جو سوالات کئے گئے ان کا ابھی تک جواب نہیں دیا گیا۔ کے سی آر نے الزام عائد کیا کہ دونوں قائدین تلنگانہ کی حکومت کیلئے مسائل پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے تلنگانہ کے مفادات کے تحفظ کیلئے پولاورم پراجکٹ کے ڈیزائن میں تبدیلی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس نے تلنگانہ کے بارے میں مختلف جماعتوں سے جو دس سوالات کئے تھے ، ان کا کسی نے بھی جواب نہیں دیا ہے۔ کے سی آر نے کہا کہ ٹی آر ایس کی جدوجہد کے باعث ہی تلنگانہ ریاست حاصل ہوئی ہے اور نئی ریاست کی تعمیر نو میں ٹی آر ایس اہم رول ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام آندھرائی پارٹیوں پر بھروسہ کرنے والے نہیں۔ تلگو دیشم اور کانگریس کے اقتدار کو عوام نے دیکھ لیا ہے۔ لہذا اب ان پارٹیوں کو دوبارہ اقتدار نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ لوک سبھا اور اسمبلی کی اکثریتی نشستوں پر ٹی آر ایس کامیابی حاصل کرے گی اور تلنگانہ ریاست اور قومی سطح پر اس کا اہم رول ہوگا۔ انہوں نے اس بات کو دہرایا کہ تلنگانہ میں عوام کی اکثریت کا تعلق کمزور طبقات سے ہے اور حکومت ان کی فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ مرکوز کرے گی۔ انہوں نے تلنگانہ کو درپیش مسائل کیلئے کانگریس اور تلگو دیشم حکومتوں کو ذمہ دار قرار دیا ۔ کے سی آر نے کہا کہ تلنگانہ عوام کی بھلائی کیلئے ضروری ہے کہ ٹی آر ایس برسر اقتدار آئے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت بے قاعدگیوں اور کرپشن سے پاک حکومت فراہم کرے گی اور فلاحی اسکیمات پر بغیر کسی دھاندلی کے عمل آوری کی جائے گی ۔ کے سی آر نے کہا کہ کمزور طبقات کیلئے تمام سہولتوں سے آراستہ 125 گز پر مشتمل مکانات تعمیر کئے جائیں گے۔ آئی این ٹی یو سی اور ایل آئی سی مزدور یونینوں سے تعلق رکھنے والے قائدین نے کے سی آر سے ملاقات کی اور پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ ایل آئی سی کے ملازمین نے آئندہ انتخابات میں ٹی آر ایس کی تائید کا اعلان کیا۔ نظام آباد اربن کے تلگو دیشم انچارج ایس اے علیم اور سابق میونسپل چیرمین چندرم نے بھی ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی ۔