423 امتحانی مراکز، تمام انتظامات مکمل ، کنوینر ڈاکٹر این وی رمنا راؤ کا بیان
حیدرآباد ۔ /3 مئی (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد پہلی مرتبہ تلنگانہ کے انجنیئرنگ اینڈ میڈیکل کورسیس میں داخلوں کیلئے منعقد کئے جانے والے تلنگانہ ایمسیٹ 2015 ء کیلئے بڑے پیمانے پر تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ۔ جبکہ ایمسیٹ 2015 ء کا /14 مئی کو تلنگانہ ریاست کے تمام دس اضلاع میں انعقاد عمل میں لایا جائے گا ۔ اس طرح ایمسیٹ 2015 ء میں جملہ (2,31,700) سے زائد طلباء و طالبات (امیدوار) شرکت کریں گے ۔ رجسٹرار جے این ٹی یو و کنوینر ایمسیٹ 2015 ء ڈاکٹر این وی رمنا راؤ نے یہ بات بتائی اور کہا کہ اس مرتبہ ایمسیٹ 2015 ء کیلئے ریاست تلنگانہ کے تمام اضلاع میں جملہ (423) امتحانی مراکز (ایمسیٹ سنٹرس) بنائے گئے ہیں اور ایمسیٹ میں شرکت کرنے والے طلباء و طالبات (امیدوار) امتحان کے مقررہ وقت سے اگر ایک منٹ بھی تاخیر سے امتحانی مرکز پر پہونچنے پر انہیں امتحانی ہال میں جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اس سلسلہ میں امتحانی مراکز پر تعینات کئے جانے والے تمام عہدیداروں کو ضروری ہدایات دی جائیں گی ۔ کنوینر ایمسیٹ نے تمام طلباء و طالبات سے خواہش کی کہ وہ امتحانی وقت سے ایک گھنٹہ قبل ہی امتحانی مرکز پر پہونچ جائیں تاکہ وہ بہ آسانی اپنا رول نمبر اور امتحانی ہال کی نشاندہی کرلے سکیں ۔ ڈاکٹر رمنا راؤ نے بتایا کہ ایمسیٹ انعقاد کے سلسلہ میں ڈیوٹی پر تعینات کئے جانے والے خصوصی مبصرین ، سپرنٹنڈنٹس ، انفورسمنٹ عہدیداروں و دیگر اسٹاف کو معلوماتی سمینارس اور ورکشاپس منعقد کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ /14 مئی کو ایمسیٹ کا انعقاد ہونے کے تیسرے ہی دن یعنی /16 مئی کو ’’ایمسیٹ کی ‘‘ (KEY) جاری کی جائے گی ۔ کنوینر ایمسیٹ نے مزید بتایا کہ ایمسیٹ 2015 ء میں شرکت کرنے کے ایسے خواہشمند طلباء و طالبات جو ایمسیٹ فیس ادا نہیں کرسکے ایسے طلباء و طالبات کیلئے 12 ہزار روپئے جرمانہ فیس ادائیگی کے ساتھ اپنی فیس داخل کرنے کیلئے جاریہ ماہ /12 مئی آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے ۔ ڈاکٹر رمنا راؤ نے بتایا کہ اس مرتبہ چونکہ ریاست کی تشکیل عمل میں آنے کے بعد تلنگانہ حکومت کی جانب سے پہلی مرتبہ ایمسیٹ منعقد کیا جارہا ہے ۔ لہذا اس ایمسیٹ کو انتہائی شفاف بنانے اور کسی کو بھی کسی نوعیت کی شکایت کرنے کا موقعہ فراہم نہ ہونے کیلئے بہت ہی موثر و مثبت اقدامات کئے گئے ہیں اور طلباء کو بھی مختلف نئی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں ۔