تلنگانہ میں پٹرول اور ڈیزل مہنگا ،ویاٹ پر 2 فیصد کا اضافہ

حیدرآباد 3 جنوری (ایجنسیز) تلنگانہ کے عوام کو اب جلد ہی فیول کے لئے زیادہ قیمت ادا کرنا ہوگا کیونکہ ریاستی حکومت پٹرول اور ڈیزل پر ویلیو ایڈیڈ ٹیکس (ویاٹ) میں 2 فیصد اضافہ کررہی ہے۔ عالمی مارکٹ میں تیل سستا ہونے کی حقیقت کے باوجود تلنگانہ عوام کو فیول کے لئے زیادہ قیمت ادا کرنی ہوگی۔ اس طرح حکومت کے اس اقدام سے انھیں نقصان ہوگا۔ تلنگانہ میں فی الوقت پٹرول اور ڈیزل کی بنیادی قیمت بالترتیب 49.75 روپئے اور 44.14 روپئے ہے۔ ان اشیاء پر ویاٹ کی شرح بالترتیب 31% اور 22.25 فیصد ہے۔ جس کے نتیجہ میں کنزیومر پرائس پٹرول کے لئے 66.54 روپئے اور ڈیزل کے لئے 54.88 روپئے ہے۔ ویاٹ میں 2 فیصد اضافہ کے ساتھ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب تقریباً 1.60 روپئے اور 1 روپئے کا اضافہ ہوگا۔ ماہرین نے اندیشہ ظاہر کیاکہ حکومت کے اس اقدام سے اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا اور پڑوسی ریاستوں میں یہاں کے مقابل اشیاء سستی ہونے پر کاروباری لوگ بھی دیگر ریاستوں کا رُخ کرسکتے ہیں۔