حیدرآباد 23، اپریل (سیاست نیوز)۔تلنگانہ میں اسمبلی کی 119 اور17پارلیمانی سیٹوںپر پولنگ کی تیاریاں اپنے آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہے۔الیکشن کمیشن نے تلنگانہ کے تمام اضلاع تک الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں روانہ کردی ہے۔عام انتخابات کے آٹھویںمرحلے کے تحت تلنگانہ میں 30اپریل کو پولنگ ہوگی۔تلنگانہ کے 10اضلاع میں 30ہزارسے زائد پولنگ بوتھس قائم کیے جارہے ہیں۔تلنگانہ میں 3کروڑ 50لاکھ سے زائدووٹرحق رائے دہی کا استعمال کرینگے۔حکام کا کہناہے کہ تلنگانہ میں پولنگ کے لئے 16 ہزار 2سو BALLOT یونٹس کا استعمال عمل میں آئیگا۔جبکہ کسی بھی حلقے میں امیدواروں کی تعداد 15سے زیادہ ہونے پرہر پولنگ بوتھ پر2 الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں استعمال کی جائیگی۔الیکشن کمیشن کے مطابق ایک EVM پر 15 امیدواروں کو ایک،
ایک بٹن الاٹ کیاجائیگا ۔جبکہ ہر EVMپررائٹ ٹو REJECT کے تحت NOTAیعنی NONE OF THE ABOVEکے لئے ایک بٹن فراہم کیا جائیگا۔حکام کاکہناہے کہ تلنگانہ کی 17پارلیمانی سیٹوں پر 2سو65 امیدوار قسمت آزمارہے ہیں ۔جن میں 8 پارلیمانی حلقوں میں15سے زائد امیدوار میدان میں ہیں۔ ان 8پارلیمانی حلقوں کے تمام پولنگ بوتھس پردوEVMمشینوں کا استعمال لازمی ہوگیاہے۔ حکام کے مطابق سکندرآباد پارلیمانی حلقے سے سب سے زیادہ 30 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔جبکہ حیدرآباد لوک سبھا سیٹ سے 16امیدواروں نے پرچہ نامزدگیاں داخل کی ہیں۔تلنگانہ میں اسمبلی کی 1سو19سیٹوں کے لئے 1ہزار6سو69امیدوار میدان میں ہیں۔اسمبلی کی 31سیٹوں پر15سے زائد امیدوارمقابلہ کررہے ہیں۔ ان اسمبلی حلقوں کے ہرپولنگ بوتھس پردو ووٹنگ مشینوں کا استعمال کیا جائیگا۔سکندرآباد پارلیمانی سیٹ کے تحت آنے والے اسمبلی حلقے عنبرپیٹ میں سب سے زیادہ 32 امیدوارانتخابی میدان میں ہیں۔
حکام کے مطابق گریٹرحیدرآباد میونسپل کارپوریشن حدود میں عام انتخابات کے لئے 3ہزار91پولنگ بوتھس قائم کیے جائیں گے۔ایک پولنگ بوتھ میں 16سو ووٹر حق رائے دہی کا استعمال کرینگے۔حیدرآباد کے تمام پولنگ بوتھس پر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لئے اقدامات کیے جارہے ۔جی ایچ ایم سی کا کہناہے اس مرتبہ جی ایچ ایم سی حددو میں 75فیصد سے زائد پولنگ ہونے کا امکان ہے۔ حیدرآباد ضلع میںجملہ 39لاکھ 64ووٹرس ہیں۔الیکشن کمیشن حیدرآباداور سکندرآباد میں 75فیصد پولنگ کا نشانہ پورا کرنے کی کوشش کررہاہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق تلنگانہ اور سیما۔آندھرا سے تعلق رکھنے والے 6کروڑ 49لاکھ 33 ہزار8سو 84 ووٹر بیرونِ ملک مقیم ہیں۔تاہم بیرونی ملکوں میں مقیم ان لوگوں نے ووٹر کی حیثیت سے رجسٹریشن بھی نہیں کرایاہے۔ 30اپریل کو ہونے والی پولنگ کے دوران کسی بھی طرح کے ناخوشگوار واقعے پر قابوپانے کے لئے سخت سیکورٹی انتظامات کیے جارہے ہیں۔الیکشن کمیشن اورمحکمہ پولیس کی جانب سے حساس اور انتہائی حساس پولنگ بوتھس کی نشاندہی کی جارہی ہے تا کہ پولنگ سے قبل سیکورٹی کے سخت انتظامات کو قطعیت دی جاسکے ۔